کراچی میں بجلی اور پانی کابحران مصنوعی ہے‘اسامہ رضی

368

کراچی ( پ ر) جماعت اسلامی ضلع غربی کے زیر اہتمام کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی شدید قلت کے خلاف اورنگی ٹائون پونے پانچ نمبر چورنگی پر احتجاج ہوا جس میں ضلع غربی کی کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ احتجاجی دھرنا سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاگیردار حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ کے گٹھ جوڑ نے کراچی میں بجلی اور پانی کی مصنوعی قلت پیدا کی ہوئی ہے۔ کراچی کے عوام کے ساتھ مسلسل زیادتی کی جارہی ہے۔ جعلی مردم شماری کے ذریعے کراچی کی آبادی کو کم کیا گیا۔ اقلیت کو اکثریت دلا کر اقتدار پر قبضہ کرایا گیا اور اس کھیل کی چکی میں عوام پس رہے ہیں۔ بدامنی کو اس شہر پر مسلط کیا گیا۔ یہاں کی تعلیم ، تہذیب معیشت کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ اس پیغام کو گھر گھر پہنچانا ہے۔جماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر مدثر حسین انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کی بے تحاشہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے جان بوجھ کر پانی کی مصنوعی قلت پیدا کرکے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔