ہردور حکومت میں احتساب کے نام پر جو انتقامی سیاست کی گئی

224

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی علما مشائخ ونگ کے ضلعی صدر پیرریاض احمدسعدی نے کہا ہے کہ جب تک ملک و قوم اپنے حقیقی نمائندوں کو اقتدار میں نہیں لائیں گے، اس وقت تک یہ بہروپیے مختلف شکلیں اور لبادے بدل بدل کر آتے رہیں گے۔ہردور حکومت میں احتساب کے نام پر جو انتقامی سیاست کی گئی،اس نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔اس قسم کی طرز سیاست سے عوامی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے 22کروڑ عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ مزدور بے روزگار اور عوام مہنگائی کے ہاتھوں تنگ آکر فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ کوئی ایک سیکٹر بھی ایسا نہیں جس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا جا سکتا ہے۔ تبدیلی کے نام پر عوام کی امیدوں اور جذبات کا خون کیا گیا ہے۔ نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہے اس کو درپیش مسائل پر کسی حکومت نے سنجیدگی سے اقدامات نہیں کیے۔ ہر سال 8ہزار سے زائد تعلیم یافتہ افراد پاکستان سے ہجرت کرجاتے ہیں،موجودہ حکمرانوں نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کل آبادی کا 60فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ جو قوم نوجوانوں کو نظر انداز کرتی ہے ان کا مستقبل روشن نہیں ہوسکتا۔ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے جہاں پاکستان کو قدرتی وسائل سے مالامال بنایا،وہاں افرادی قوت بھی عطا کی ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ اس افرادی قوت سے بھر پور انداز میں فائدہ اُٹھایا جائے۔ریاض احمدسعدی نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آیا تھا۔ اس کی بنیادوںمیں ہزاروں شہیدوں کا خون ہے۔ ہمیں عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے، ملک کو ترقی کی منازل پر گامزن کریں گے اور ملک میں اسلامی نظام حیات کے نفاذ کے لیے جدوجہد کریںگے۔مزیدبراں نے انہوں نے کہاکہ نئی حکومت کے دعووں کے برعکس آٹا، گھی،گوشت اور دالوں کی قیمتوں میں اضافہ سمیت بڑہتی ہوئی مہنگائی پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وارمہنگائی کے اعدادوشمارکے مطابق مہنگائی کی شرح 0.49 فیصدبڑہ گئی ہے دوسری طرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی تیاریاں کی جا رہی ہیں جوکہ موجودہ حکومت کی کارکردگی پرسوالیہ نشان اورغریب عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اے پی ڈی ایم میں شامل اتحادی جماعتوں کی نئی حکومت کے ایک ماہ کے عرصے میں مسلسل ڈالر کی اونچی اڑان، اشیائے خورونوش، بجلی،سی این جی کی قیمتوں میں ہولناک اضافے کے بعد اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافے کی نوید عوام پر بجلی گرانے کے مترادف ہے،پی ٹی آئی کی ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے تھے۔