پاکستان اسٹاک ، 100انڈیکس 500پوائنٹس بڑھ گیا

374

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ سے کاروباری ہفتہ کے آخری روز مندی کے بادل چھٹ گئے اور کے ایس ای 100انڈیکس 500پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس نہ صرف 43ہزارپوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا بلکہ 43400پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں93ارب روپے سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم ایک بار پھر72ارب روپے کے قریب پہنچ گیا ۔کاروباری سرگرمیاں بڑھنے سے 68.80فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروباری کا آغاز مثبت زون میں ہوا ،سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی پیٹرولیم ،کیمیکل ،ٹیلی کام ،فوڈز ،ٹیکنالوجیز اور پراپرٹیز سمیت دیگر شعبوں میں خریداری کے باعث ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 42900،43000،43100، 43200،43300اور43400پوائنٹس کی 6 بالائی حد میں عبور کر گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کے ایس ای100انڈیکس میں 588.02 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 42898.44پوائنٹس سے بڑھ کر 43486.46 پوائنٹس پر جا پہنچااسی طرح 234.15 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس16307.82پوائنٹس سے بڑھ کر 16541.97پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرزانڈیکس 29187.05پوائنٹس سے بڑھ کر 29573.73پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 93ارب 58 کروڑ 95 لاکھ 14 ہزار944روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 71 کھرب 6 ارب 34 کروڑ 10 لاکھ 89 ہزار 408 روپے سے بڑھ کر 71 کھرب 99 ارب 93 کروڑ 6 لاکھ 4 ہزار 352 روپے ہو گیا پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو6ارب روپے مالیت کے 20 کروڑ 81 لاکھ 12 ہزار حصص کے سودے ہوئے۔