میرپورخاص،پولیس اسپیشل برانچ کے اہلکاروں کیخلاف احتجاج

311

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) میرپور خاص پولیس کی اسپیشل برانچ کے اہلکاروں کی جانب سے امیدواروں سے ڈھائی ہزار روپے رشوت طلب کرنے اور امیدواروں کو مختلف بہانوں سے تنگ کرنے کے خلاف سول سوسائٹی کی جانب سے اسپیشل برانچ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور رشوت وصولی کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی ۔ اس موقع پر واجد لغاری ،تاج رند ، لالا اظہر پٹھان ، فیروز وسان اور دیگر نے کہا کہ میرپورخاص ضلع میں بند اسکولوں کو کھولنے اور استادوں کی کمی کو دور کرنے کے لیے محکمہ تعلیم میرپورخاص کی جانب سے حالیہ سیکڑوں آفر لیٹر جا ری کیے گئے ہیں جس کے لیے پولیس ویری فکیشن کے نام پر فی امیدوار سے پولیس کی اسپیشل برانچ کے اہلکار ڈھائی ہزار روپے رشوت وصول کر کے مستقبل کے استادوں کو پریشان کر رہے ہیں جبکہ ویریفکیشن کے لیے آنے والے امیدواروں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا جا رہا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ ڈی آئی جی اسپیشل برانچ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ویریفکیشن کے نام پر استادوں سے ڈھائی ہزار روپے رشوت کی وصولی کا نوٹس لیکر ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس موقع پر ایس پی اسپیشل برانچ عاشق علی بوزدار نے مظاہرین سے ملاقات کر کے امیدواروں کو تنگ نہ کرنے اور رشوت وصول کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔