عید کی خوشیوں میں نادار افراد کو بھی یاد رکھا جائے ،عمرفاروق

244

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری میاں محمد فاروق،نائب صدر محمدسلیم انصاری ، راشد محمود ، محمد اکبر انصاری ، رانا محمد یونس،طلحہ شہادت گجر، اسامہ شفقت، فاروق موسی،ملک اسامہ نذیر،حافظ محمد اسرار،حافظ نوید اعوان،محمدسلیم انصاری،محمد آصف عطا ، وقاص مجید،عثمان گیلانی ،شیخ محمدذیشان اور دیگر نے عیدالفطر کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ عید سعید رب کریم کی طرف سے اپنے ان بندوںکے لیے انعام ہے جو رمضان کا مہینہ اس کی مکمل بندگی میں گزارتے ہیں اور ایمان و احتساب کے ساتھ سارے روزے رکھتے ہیں۔ حکمرانوں کی اسلام دشمن پالیسیز اور عوام دشمن اقدامات نے عید کی روح کو مسخ کردیا ہے۔حقیقی خوشیاں تب ہی میسر آئیں گی جب وطن عزیز حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت کا روپ دھار لے گا۔ اپنی خوشیوں میں آس پاس بسنے والے نادار افراد اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کو ضرور یاد رکھیں۔علاوہ ازیں چودھری عمرفاروق گجرنے وفاقی شریعت عدالت کی جانب سے سود کے خاتمے کے فیصلے کو تاریخی قراردیا اور کہاکہ اس فیصلے کی برکات سے قوم وملک مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نیکیوں کا موسم بہار ہم سے رخصت ہوچلا، اللہ رب العزت اسے ہماری مغفرت اور جہنم سے نجات کا ذریعہ بنائے، کامیاب وہی ہیں جو اس مہینے کی تربیت کے مطابق باقی سال بھی اللہ کی بندگی میں اپنے آپ کو کھپائیں، اس کے دین کی سربلندی کی جدوجہد میں عملی طور پر شریک ہوں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیوں اور کرپشن نے ملکی معیشت کا دیوالیہ نکال دیا ہے، غربت بیروزگاری اور مہنگائی نے ایک عام آدمی کے لیے عزت کے ساتھ 2 وقت کی روزی روٹی کا حصول بھی دشوار کردیا ہے،وزیر و مشیر اور ان کے خاندان قومی دولت کو اللے تللوں میں لٹا رہے ہیں مگر غریب کے بچے کا کوئی پرسان حال نہیں،ان کے پاس پانی، بجلی سمیت بنیادی ضروریات کے اسباب بھی دستیاب نہیں، حکومت نے عوام کو عید کی حقیقی خوشیوں سے محروم کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے آس پاس بسنے والے یتیموں، بیوائوں، مساکین اور نادار افراد و خاندانوں کو بھی ہمیں اپنی عید کی خوشیوں میں ضرور شامل کرنا چاہیے کیونکہ یہی ہمارے پیارے نبی ؐ کی تعلیمات ہیں۔