ڈیزل کی قلت سے ملک بھر کے کسان پریشان ہیں ،سردارظفرحسین

208

 

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے ڈیزل کی قلت پر شدیدتشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر کے کسان شدیدپریشانی کا شکار ہیں۔گندم کی کاشت کے موقع پر کھاد مافیا نے یوریا کھاد غائب کردی تھی اور بلیک میں فروخت کرکے کاشتکاروں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا گیا اب گندم کی کٹائی کا موقع ہے تو مافیا نے ڈیزل کا بحران پیدا کردیا ہے۔ملک بھرمیں بلیک مارکیٹ میں ڈیزل کی فروخت جاری ہے مگر حکومت خاموش تماشائی کا کرداراداکررہی ہے۔ ایسے ہی حالا ت رہے تو ملک بھر میں زرعی اجناس کا بحران پیدا ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈیزل کے بحران کی وجہ سے کپاس کی کاشت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ ڈیزل بحران کی وجہ سے زراعت کے ساتھ ساتھ ٹریفک کا پہیہ بھی رکنے کے خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کسانوں کے مسائل کا ادراک کرتے ہوئے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرے اور انتظامیہ کو احکامات جاری کرے کہ وہ سرکاری ریٹ پر ڈیزل کی فروخت اور دستیابی کو یقینی بنائے تاکہ بروقت کپاس کی کاشت ہوسکے۔فوری طور پر ڈیزل کی سپلائی بحال کی جائے تاکہ زراعت کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کابھی نقصان نہ ہو۔ آئندہ آنے والی گندم کی فصل کا ایک ایک دانہ کسان سے اٹھایا جائے اور گنے کی قیمت کی کسان کو 100فیصد ادائیگی کرشنگ سیزن ختم ہونے سے پہلے کی جائے، زرعی اجناس کی پیدواری لاگت کم کرنے کے لیے بیج، کھاد اور زرعی ادویات پر سبسڈی دی جائے۔