مسلمانوں کیخلاف سازشوں کا بازار گرم ہے،حافظ افزاز

180

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ڈویژنل ناظم حافظ محمدافزازپڈھانہ، ،جنرل سیکرٹری علی عامربٹ نے کہا ہے کہ ماہ رمضان کے بابرکت مہینے میں اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے مسجد اقصی پر ڈرون حملے کے ذریعے آنسو گیس کی برسات، فائرنگ اورنمازیوں کی شہادت کے واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں۔ اس حوالے سے اقوم متحدہ اورعالمی برادری مجرمانہ خاموشی ختم کریں۔اسرائیلی فورسز کا یہ شرمناک اقدام ہے۔ اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے جس کو امریکی آشرباد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، اسرائیل اوربھارت نے مسلمانوں کے خلاف غیر اعلانیہ جنگ شروع کر رکھی ہے اگر ان کو نہ روکا گیا تو دنیا کا امن تباہ وبرباد ہو جائے گا۔ مسلمانوں کے خلاف سازشوں کا بازار گرم ہے۔ ان کا مقابلہ کرنے کے لیے امت مسلمہ کو اتحاد ویکجہتی کی ضرورت ہے۔ مسلم ممالک کو مؤثر اورمضبوط بلاک بنانا ہو گا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اس حوالے سے عالمی برادری کو توجہ دلائے اورمعاملے کی سنگینی سے آگاہ کرے۔ سفارتی تعلقات کو استعمال کیا جاناچاہیے۔ظلم وستم کی روک تھام کے لیے اوآئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانا ہو گا۔اب وقت آگیا ہے کہ کفار کے ظلم وبربریت کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے۔حافظ محمدافزازپڈھانہ نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جب تک دنیا میں امریکا، اسرائیل اوربھارت کا گٹھ جوڑ رہے گا امن قائم نہیں ہو سکتا۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت دنیا کو تیسری عالمی جنگ کی طرف دھکیلاجارہا ہے۔ سوئیڈن اورنیدرلینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا اعلان کے بعد دنیا بھر مسلمانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔