پیپلز پارٹی جان بوجھ کر بلدیاتی انتخابات نہیں کروانا چاہتی،حافظ نعیم

441
movement

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جان بوجھ کر بلدیاتی انتخابات نہیں کروانا چاہتی،یہ جانتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات سے ہی مقامی لیڈر شپ ابھرتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نام نہاد جمہوری پارٹیاں ماتحت سسٹم کو با اختیار ہی نہیں کرنا چاہتی اس لیے بلدیاتی انتخابات نہیں کرواتی،ماضی میں بھی سپریم کورٹ کے احکامات پر ہی بلدیاتی انتخابات کروائے گئے،جماعت اسلامی کے سواکوئی بھی پارٹی کراچی کو اون نہیں کرتی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں، حکمرانوں نے ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کی ایماء پر تباہ و برباد کردیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ سود سے چھٹکارا حاصل کرنے سے ہی ملکی معیشت بہتر ہوسکے گی، آئی ایم ایف اورورلڈ بنک کے آلہ کار وں کا ہدف جاگیردار وں اور وڈیروں کو تقویت پہنچانا ہے، ملک میں آئی ایم ایف کی ایماء پر ہی آئے روز مہنگائی کا طوفان آتا ہے، بحیثیت مسلمان ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ سود سے نجات حاصل کرنے کے لیے مل کر جدوجہد کریں۔

انہوں نے کہاکہ 74سال ہوگئے لیکن بدقسمتی سے یہاں ایک دن کے لیے بھی اسلام کی ہدایت اور ان احکامات پر عمل نہیں ہوا۔جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف کراچی کے عوام کو لوٹنے اور ان سے ناانصافی کے حوالے سے پٹیشن دائر کی ہوئی ہے اور پانچ سال گزرگئے لیکن اس کی سماعت ہی نہیں ہورہی ہے۔