فتح مکہ عالمی امن کے پیغام کی نظیر پیش کرتا ہے،فوزیہ محبوب

214

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی ضلعی ناظمہ فوزیہ محبوب، سیاسی کمیٹی کی صدر ڈاکٹر فہمیدہ الیاس،جے آئی یوتھ وومن ونگ کی صدر فریحہ کاشف، ضلعی ترجمان نصرالاسلام نے یوم فتح مکہ کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ فتح مکہ 20 رمضان المبارک 8 ھ تاریخ نبوت کا نہایت ہی عظیم الشان عنوان ہے۔فتح مکہ عالمی امن کے پیغام کی وہ نظیر پیش کرتا ہے جو آج بھی انسانوں کو حقیقی امن کی ضمانت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دین سے وابستہ افراد بالخصوص اس کی اشاعت و تحفظ کی کوشش کرنے والوں کے لیے فتح مکہ کے واقعہ سے ایک طرف تو یہ سبق ملتا ہے کہ اسلام پر عمل کرنے اور اس کے لیے سختیاں برداشت کرنے والوں کو اللہ رب العزت ضرور سرخرو فرماتے ہیں دوسری طرف اس بات کا ادراک بھی ہوتا ہے کہ ذاتی رنجشیں، قومی، علاقائی اور خاندانی دشمنیاں یہاں تک کہ اپنے جان و مال کے دشمنوں کو اللہ اور اس کے دین کے لیے معاف کرنا اسوہ پیغمبری ہے۔ضلعی ناظمہ فوزیہ محبوب نے مذید کہا کہ ہجرت مدینہ، اسلام کی سربلندی اور فتح مکہ یہ وہ اسلامی واقعات ہیں جو رہتی دنیا تک امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں کہ مسلمان ہر حال میں اعلائے کلمۃ اللہ کے لیے کمر بستہ رہیں۔فی زمانہ مسلمانوں کو سچی رہبری اور حکمت کے ساتھ دعوت دین کے فریضہ کو انجام دینے کی ضرورت ہے۔رہنمائوں نے کہا کہ آج بھی یوم فتح مکہ ہمیں یہ درس دے رہا ہے کہ بہادری یہ نہیں کہ ہم صرف کمزور رہتے ہوئے ہی دوسروں کو معاف کریں بلکہ بہادری تو یہ ہے کہ ہم اقتدار و طاقت رکھتے ہوئے بھی درگزر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی جستجو میں سرگرداں افراد اور تنظیموں کو فتح مکہ کے عالمگیر پیغام سے اپنے لائحہ عمل کے لیے روشنی حاصل کرنی چاہیے۔