وزیر بلدیات سندھ کی ہدایات پر اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ نے پانی چوروں کا گھیرا تنگ کردیا

426

کراچی:وزیر بلدیات سندھ، وائس چیئرمین واٹر بورڈ اور ایم ڈی واٹر بورڈ کی ہدایات پر انچارج اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ نے پانی چوروں کا گہرا مزید تنگ کردیا۔

اس ضمن اینٹی تھیفٹ سیل نے ڈسٹرکٹ ویسٹ منگھو پیر اور اورنگی ٹان پاکستان بازار تھانہ کے حدود میں کاروائی کے دوران پانی چوری کرنے والے 6 ملزمان ٹینکروں سمیت گرفتار کرکے متعلقہ تھانہ میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔

انچارج اینٹی تھیفٹ سیل نے بتایاکہ ملزمان غیر قانونی طریقے سے واٹر بورڈ کی لائنز کو لیک، زیر زمین پانی ٹینک میں جمع کرکے، جبکہ جوہڑوں، گڑھوں میں جمع ہونے والا آلودہ اور مضر صحت پانی ٹینکروں کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں فروخت کرتے تھے جن کو پکڑا گیا ہے۔

اس موقعے پر وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین واٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں اور مضر صحت پانی فروخت کرنے والوں کیخلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے انکو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

دوسری جانب وائس چیئرمین واٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ پانی چوری میں ملوث ملزمان کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرکے آپریشن کا دائرہ شہر کے مختلف علاقوں تک بڑھایا جائے۔