شیخ القرآن و الحدیث مولانا معروف شاہ شیرازی انتقال کر گئے

275

راولپنڈی ( نمائندہ جسارت)ممتاز عالم دین ، شیخ القران و الحدیث،مصنف اور مترجم مولانا سید معروف شاہ شیرازی مختصر علالت کے بعد جمعہ کے روز انتقال کر گئے ۔ان کی نماز جنازہ آج 3بجے سہ پہر آبائی گائوں چنار کوٹ ضلع مانسہرہ میں ادا کی جائے گی۔مولانا سید معروف شاہ شیرازی امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی اور امیر جماعت اسلامی ضلع مانسہرہ ڈاکٹر طارق شیرازی کے والد تھے۔سید معروف شاہ شیرازی بانی جماعت اسلامی مولانا سید ابو الاعلی مودودیؒ کے دیرینہ ساتھیوں میں سے تھے۔وہ مولانا مودودیؒ کی ہدایت پر جماعت اسلامی کے شعبہ دار العروبہ کے ساتھ بھی منسلک رہے۔مرحوم 2 درجن سے زاید کتب کے مصنف تھے۔انہوں نے اخوان المسلمون کے مرشد عام سید قطبؒ شہید کی عربی زبان کی معروف تفسیرفی ظلال القرآن کا اردو میں ترجمہ بھی کیا ہے۔وہ ماہنامہ ظلال القرآن کے مدیر تھے۔ان کے علمی اور تجزیاتی مضامین اور کالم ملک بھر کے اخبارات اور رسائل و جرائد کی زینت بنتے رہے۔سید معروف شاہ شیرازی نے اسلام آباد میں ایک بڑے دینی ادارے جامعہ ظلال القرآن کی بنیاد بھی رکھی تھی۔جو اب ان کے صاحبزادے مولانا عارف حسین شاہ شیرازی کی نگرانی میں چل رہا ہے۔