امریکا کی شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد

322

واشنگٹن/اسلام آباد:امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کو آگے بڑھانے کا منتظر ہے، امریکا ایک مضبوط اور جمہوری پاکستان کو باہمی مفادات کے لیے ضروری سمجھتا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم آفس نے کہا کہ نئی حکومت خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو فروغ دینے کے لیے امریکا کے ساتھ تعمیری اور مثبت انداز میں رابطہ اور تعلقات رکھنا چاہتی ہے۔

امریکی وزیرخارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان 75 سالوں سے وسیع تر باہمی مفادات کا اہم شراکت دار ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ہم نومنتخب پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو آگے بڑھانے کے منتظر ہیں۔انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کے ساتھ طویل مدتی تعاون جاری رکھنے کے متمنی ہیں، امریکا ایک مضبوط اور جمہوری پاکستان کو باہمی مفادات کے لیے ضروری سمجھتا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم کے دفتر نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت اور ضرورت کا اعادہ کیا،وزیراعظم آفس نے ٹوئٹ میں کہا کہ نئی حکومت خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو فروغ دینے کے لیے امریکا کے ساتھ تعمیری اور مثبت انداز میں رابطہ اور تعلقات رکھنا چاہتی ہے،وزیراعظم آفس نے برابری، باہمی مفاد اور فائدے کے اصولوں پر مبنی تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔