مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی جاری ، مزید 2 کشمیری شہید

153

 

سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے اضلاع اسلام آباد اور کلگام میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ دو الگ الگ واقعات میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔شہادت کا پہلا واقعہ ضلع اسلام آباد میں پیش آیا جہاں سیکورٹی فورسز نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی لی اور اس دوران فائرنگ کے نثار احمد ڈار نامی نوجوان کو شہید کردیا۔اسی طرح قابض بھارتی فوج نے ضلع کلگام میں بھی ایک گائوں کا گھیرائو کرکے سرچ آپریشن کیا گیا اور ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔ضلع کلگام میں ہی نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بھارتی فوج کے دو اہلکار زخمی ہوگئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔قبل ازیں مقبوضہ کشمیر کی جامع مسجد میں آزادی کشمیر کے حق اور بھارت مخالف نعرے لگانے پر 13 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی جامع مسجد میں رمضان المبارک کے پہلے جمعے میں 20 ہزار نمازیوں نے نماز ادا کی۔ نماز جمعہ کے بعد نوجوانوں نے زبردست نعرے بازی کی۔نوجوانوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں نعرے لگائے جب کہ بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی۔نام نہاد سیکولر اسٹیٹ کی حکمراں جماعت بی جے پی کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے نعرے بازی کرنے کے جرم میں 13 نوجوانوں کو ان کے گھروں سے گرفتار کرلیا۔گرفتاری کے بعد نوجوانوں کو والدین سے ملنے نہیں دیا گیا اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔