پی جے پی کا اذان کے وقت بھجن کیلیے لائوڈ اسپیکر مفت دینے کا اعلان

142

مہاراشٹر(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست مہاراشٹر میں مودی کی جماعت کے ارب پتی تاجر رہنما نے اذان کے وقت بھجن بجانے کے لیے لاؤڈ اسپیکر مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما موہت کمبوج نے پیشکش کی ہے کہ جسے بھی عوامی مقامات پر بھجن بجانے کے لیے لاؤڈ اسپیکر چاہیے وہ ہم سے مفت لے سکتا ہے، تمام ہندوؤں کی ایک ہی آواز ہونا چاہیے ’’ جے شری رام۔۔۔ ہر ہر مہادیو ‘‘۔بی جے پی رہنما نے مقامی ہندوؤں کو اس بات پر بھی اکسایا کہ لاؤڈ اسپیکر پر بھجن اس وقت بجائے جائیں جب اذان کا وقت ہو۔ جس کے لیے ہر چوراہے پر لاؤڈ اسپیکر نصب کرنے کی ہدایت بھی کی۔قبل ازیں بی جے پی اور راج ٹھاکرے کی جماعت مہاراشٹر نونرمان سینا نے مساجد سے اذان کے لیے
لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا اور ممبئی میں ایک ریلی میں راج ٹھاکرے نے لاؤڈ اسپیکر پر ہنومان چالیسہ بجایا بھی تھا۔بھارت میں لاؤڈاسپیکر اذان کے خلاف مہم شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے نے چلائی تھی تاہم 2019 میں حکومتی اتحاد میں شامل ہونے کے بعد انہوں نے سخت گیر ہندوتوا نظریات کو نرم کردیا تھا تاہم پارٹی سے الگ ہونے والے ان کے بیٹے راج ٹھاکرے نے دوبارہ سخت گیر نظریہ اپنالیا ہے۔ ریاست مہاراشٹر کے وزیر داخلہ دلیپ والسے پاٹل نے بی جے پی کے رہنما کے اذان کے مقابلے میں لاؤڈ اسپیکر پر بھجن چلانے کی مہم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اشتعال انگیزی کا مقصد سماج کو تقسیم کرنا ہے۔دوسری جانب بی جے پی اور نونرمان سینا کی اشتعال انگیزی کے جواب میں سماج وادی پارٹی کے مسلم رہنما ابو اعظمی نے کہا کہ مسلمان ہنومان چالیسہ منانے والوں کا استقبال مشروبات پیش کرکے کریں گے۔