حیدرآباد: ڈکیت 51لاکھ لوٹ کر فرار، مختلف علاقوں سے 11 ملزمان گرفتار

166

 

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)مختلف مقامات پرڈکیتی کی2بڑی وارداتوں میں ملزمان 51لاکھ روپے لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔ پولیس نے مختلف کارروائیوںکے دوران 11 ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں مین پوری کا خام مال وکچی شراب برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ ایریا میں واقع زینب آٹاچکی کے منیجر سے2 ملزمان اسلحے کے زور پر 21لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے ،واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن حیدرآباد کے نائب صدر فاروق راٹھور کے منیجر محمد رضوان بینک الحبیب ہل ٹاپ برانچ سے21 لاکھ روپے لیکر سائٹ ایریا میں واقع زینب آٹا چکی کے لیے روانہ ہوئے،محمد رضوان جیسے ہی آٹا چکی کے گیٹ پر پہنچے تودو موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ان سے رقم چھیننے کی کوشش کی مزاحمت پر مسلح افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا اور پستول تان لی جس پرمحمد
رضوان نے 21 لاکھ روپے کی رقم مسلح افراد کے حوالے کردی ۔ آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب قاسم آباد فراز ویلاز کے قریب 4ڈکیتوں نے عبدالمعیزنامی شہری سے 30لاکھ روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔علاوہ ازیںپولیس نے سائٹ اور نسیم نگر سے 8جواریوںکو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے جواریوں کے قبضے سے پول منی ، آکڑہ پرچیاں اور تاش کے پتے تحویل میں لیکر مقدمات درج کرلیے گئے۔چیک پوسٹ سیری کے قریب سے منشیات فروش اکبرکو گرفتار کرکے قبضے سے 5لیٹر کچی شراب برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ دریں اثنا ٹنڈویوسف پولیس نے مین پوری ڈیلر معین الدین قریشی کے گودام پر چھاپا مار تے ہوئے 2ملزمان محسن قریشی اور ریحان عرف بانوکو گرفتارکرلیا جبکہ ڈیلرمعین الدین قریشی فرار ہوگیا،ملزمان کے قبضے سے 70 کٹے خام مال، 25 کٹے تمباکو، 5 کٹے ثابت چھالیہ جبکہ 200 عدد تیار شدہ مین پوری برآمد کرکے ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔