امریکا نے عمران کو نافرمانی کی سزا دی ،روس

228

ماسکو/واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)روس نے امریکا پر پاکستان کے سیاسی معاملات میں مداخلت کا الزام لگایا ہے۔روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخاروف نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے روس کا دورہ منسوخ نہ کرنے پر’’نافرمان ‘‘ عمران خان کوسزا دی۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا اوراس کے مغربی اتحادی فروری میں روس کا دورہ منسوخ کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان پرزبردست دباؤ ڈالتے رہے ۔روسی ترجمان نے بتایا کہ جب وہ اس کے باوجود روس آئے تو امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیا ڈونلڈ لیو نے واشنگٹن میں پاکستانی سفیرکوفون کرکے طلب کیااوروزیرعظم کے دورے کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا جسے مسترد کر دیا گیا۔روسی عہدیدارکایہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کے بعد پیدا صورتحال سے واضح ہے کہ امریکا نے بات نہ ماننے پر’نافرمان ‘ عمران خان کوسزا دینے کا فیصلہ کیا۔عمران خان کی اپنی جماعت تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اچانک اپوزیشن سے مل گئے اورپارلیمان میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی گئی، اس پیش رفت سے کوئی شک کی گنجائش نہیں رہی کہ امریکا نے ‘نافرمان’ عمران خان کو سزا دینے کا فیصلہ کیا۔روسی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کی تحلیل امریکا کی جانب سے آزاد ریاست کے معاملات میں اپنے خود غرضانہ مقاصد حاصل کرنے کے لیے مداخلت کی شرمناک کوشش ہے۔دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ ہم کسی ایک سیاسی جماعت کو سپورٹ نہیں کرتے لہٰذا امریکا پر لگائے گئے الزامات میں قطعی حقیقت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا آئین کی پرامن بالادستی اور جمہوری اصولوں ،قانون کی حکمرانی اور اس کے تحت برابری کے اصول کو سپورٹ کرتا ہے جب کہ یہ اصول صرف پاکستان نہیں دنیا کی دوسرے ممالک کے لیے بھی ہے۔