عمران خان نے شخصی آمریت قائم کی ہوئی تھی، شازیہ عطامری 

271

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی اطلاعات سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط تاریکی دور کا خاتمہ ہونے پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، عمران خان نے پارلیمان کو بے اثر کرکے شخصی آمریت قائم کی ہوئی تھی۔ سلیکٹڈ نااہل عمران خان نے کرسی بچانے کی خاطر ملک کے خارجہ امور داو پر لگا دیئے ہیں اور کسی ملک نے عمران خان کو دھمکی آمیز خط نہیں لکھا، ایک سفارتی مراسلہ ہے۔ ان باتوں کا اظہار آج انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا ہے۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ سفارتی مراسلے کا جواب سفارتی طریقے سے دینے کے بجائے اسے کرسی بچانے کے لیئے استعمال کیا جا رہا ہے اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کہہ چکے ہیں کہ عمران خان کو آئینی راستے فارغ کریں گے اور اسے بھاگنے نہیں دینگے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تین سال عوام کو رولایا ہے اب اسکے رونے کا وقت ہے عمران نیازی کو ہٹانے کی وجہ اسکی اپنی بے حسی اور نالائقی ہے، کوئی بیرونی سازش نہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ نالائق سلیکٹڈ وزیراعظم کی وجہ سے ملک عالمی سطح پر تنہا ہو چکا ہے اورعمران خان کو احساس ہی نہیں ہے کہ امریکہ اور یورپ میں کتنے پاکستانی بستے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے پہلے وزیراعظم تھے جو سفارتی استثنیٰ پر امریکہ جاتے تھے اور وہ بتائیں وہ کونسا کیس ہے جس میں ایک امریکی عدالت نے انھیں مجرم قرار دیا تھا۔عمران خان نے ایک ملک کے حکمران کی جانب سے دی جانے والی گھڑی بیچ کر ملک کو بدنام کیا اورملک کا کوئی ایسا ادارہ نہیں ہے جس کو نااہل وزیر اعظم نے بدنام نہ کیا ہو جبکہ اپوزیش آئینی اور جمہوری عمل کے ذریعے نالائق وزیراعظم کو گھر بھیج رہی ہے۔

شازیہ مری کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان خود خائن ہیں اس لیئے انہیں سب کرپٹ نظر آتے ہیں اورخود سازشی ہیں اس لیئے انہیں ہر چیز میں سازش نظر آتی ہے جبکہ نالائق اور چاپلوس وزیر خارجہ نے دنیا میں ملک کو تماشا بنا دیا ہے۔