وزیراعظم اپنی نااہلی کا ملبہ حزب اختلاف پر گرارہے ہیں

147

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور معروف بلڈر چودھری نظام الدین آرائیں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کی طویل جدوجہد کے بعد اب پی ٹی آئی کی نااہل حکومت سے عوام کی جان چھوٹ جائے گی اور یہ حکومت اپنی نااہلی اور عوام دشمن فیصلوں کی وجہ سے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ساڑھے تین سال کا عرصہ ملک کے عوام نے انتہائی کرب اور اذیت میں گزارا ہے کیونکہ اس پورے عرصے میں انہیں طفیل تسلیاں ، دھوکے اور سبز باغ دکھانے کے کچھ نہیں ملا۔ غربت، مہنگائی، افلاس، بھوک، بدحالی کا سامنا کرنا پڑا۔ اب بھی وزیراعظم اپنی تمام تر نااہلی کا ملبہ حزب اختلاف کی جماعتوں پر گرارہے ہیں ۔ جبکہ عوام یہ جانتے ہیں کہ ان کی غلط حکمت عملی کی وجہ سے آج غریب کے گھر کا چولہا ٹھنڈا ہوگیا ہے ۔ لوگ دو وقت کی روٹی کھانے سے بھی محروم ہوتے جارہے ہیں۔ ڈالر کی قیمت آسمان تک پہنچ گئی ہے اور پاکستانی نوٹ بے وقعت ہوتا جارہا ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو آگے جاکر ملک دیوالیہ ہوجاتا ۔ انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف میں شامل جماعتیں متحد ہوکر جس طرح اس فاشٹ حکومت کا مقابلہ کیا ہے اور عوام ان کے ساتھ آکر کھڑے ہوئے ہیں اس نے حکومت کی چولیں ہلادی ہیں ۔ آنے والا دن ملک کیلیے بہتر اور خوشحالی کے ہوں گے کیونکہ قومی سطح کی قیادت جو تجربہ کار بھی ہے اور صورتحال کا ادراک بھی رکھتی ہے اس کے فیصلوں کے نتیجے میں عوام کو نہ صرف ریلیف ملے گا بلکہ عوام میں خوشحالی بھی آئے گی۔