جامشورو، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج

158

جامشورو( نمائندہ جسارت )جامشورو میں سندھ ترقی پسند پارٹی کا بجلی 18،گھنٹے بند کرنے پر نااہل حیسکوجامشورو SDOاور کرپٹ ، بلیک میلرحیسکو ملازمین کے خلاف احتجاجی مظاہرہ۔ حیسکو چیف اور چیئرمین سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق جامشورو میں شدید بجلی کے غائب ہونے کے خلاف( STP)سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے ضلعی رہنمامبین تیونو،امجد مستوئی، امام علی بھلائی ، زاہد ببر، این بی کھوسو اور دیگر کی قیادت میںاحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں مسلم لیگ فنکشنل، شہید پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی رہنماؤں ، سماجی ،تاجران ، شہریوں کی بڑے تعداد نے شرکت کی۔ اِس دوران مظاہرین نے حیسکو جامشورو کے خلاف شدید احتجاجی مظاہر ہ کرتے ہوئے اوور ہیڈ برج کے نیچے پہنچ کر حیسکو SDOجامشورو اور ملازمین کے خلاف سخت نعرے بازی کی ۔ اِحتجا جی مظاہرے کے دوران مظاہرین کا کہنا ہے کہ حیسکو حکام گزشتہ سال سے لمبے وقت تک بجلی بند کردیتے ہیں۔سردیوں کے دوران بھی یہ سلسلہ جاری رہا، اب جبکہ گرمیاں آگئی ہیں۔ایک تو پہلے ہیں ہمارے کاروبار کورونا وائرس کی وجہ سے تباہ ہوگئے ہیں،اور اب حیسکو کی وجہ سے ہمارے کاروبار سخت متاثر ہورہے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے جہاں حیسکو ملازمین کے بھتے بندھے ہوئے ہیں ، وہاں نارمل لوڈ شیڈنگ کی جار ہی ہے۔ جبکہ جامشورو کے( اولڈ پٹارو ) فیڈر سے کاروباری مرکز کو ملانے سے 12سے18گھنٹے بجلی بند کردی جاتی ہے۔دوسری طرف حیسکولائن مین شہریوں کو بلیک میلنگ کرنے اور اُنہیں مختلف طریقوں سے ہراساں کررہے ہیں۔اِس سلسلے میں گوٹھ لاکھو فقیر کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ حیسکو لائن مین (محمد خان) بلیک میلنگ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے(ہماری) مرَدوں کی غیر موجودگی میں بجلی چور (غیر متعلقہ افراد) کے ساتھ آکر بچوں کو کم بِل آنے،چوری کے الزامات لگاتا اور اُنہیں ہراساں کرتا ہے،جبکہ اُس علاقے کاٹرانسفارمر سیل پیک ہے اور کسی بھی بجلی چوری کی گنجائش نہیں ہے ۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ حیسکو ملازمین خود بجلی چوری میں ملوث ہیں اور بھاری رقوم کے بدلے غیر قانونی کنکشن دے دیتے ہیں، اوور لوڈنگ کی وجہ سے ٹرانسفارمر دَھماکے سے پھٹ جاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے میٹرز صارفین سخت عذاب میں مبتلا ہو جا تے ہیں۔ مظاہر ین نے حیسکو چیف اور چیئرمین سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، دوسری صورت میں سخت احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا جائے گا۔