ہلال احمر اسپتال غریبوں کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے ، ندیم الرحمٰن

218

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن میمن نے کہا ہے کہ ہلال احمر جنرل اسپتال جدید آلات سے لیس ہے اورہزاروں لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہلال احمر جنرل اسپتال لطیف آباد نمبر 6 اور ہلال احمر کارڈیو اسپتال لطیف آباد نمبر 2 کے دورے کے موقع پر کیا ۔ اس موقع پر اسپتال کے چیئرمین عبدالستار جاٹو ، ایم ایس ڈاکٹر ہمایوں انجم ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر خادم قریشی اسپتال سپروائزر سید شاہ رخ ،ممبر ایگزیکٹیو کمیٹی ڈاکٹر علی الدین و دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن میمن نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں موجود مریضوں سے ملاقات کر کے دی جانے والی طبی سہولیات سے مطابق معلومات حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی چھت کے نیچے تمام طبی سہولیات فراہم کرنا قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے اسپتال میں صفائی ستھرائی اور مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آرتھوپیڈک بلڈنگ جو کہ زیر تعمیر ہے اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ اس سے لوگ استفادہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے ہلال احمر کارڈ یو اسپتال کے دورے کے موقع پر چیئرمین ہلال احمر عبدالستار جاٹو اور ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو کو ہدایت دی کہ وہ اس کی تزئین و آرائش مکمل ہوتے ہی اسپتال کو دوبارہ فعال کریں تاکہ علاقے کے لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی میں ہمارا تعاون آپ کے ساتھ ہے ۔ اس موقع پر ہلال احمر اسپتال کے چیئرمین عبدالستارجاٹو نے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہلال احمر جنرل اسپتال 150 بستر پر مشتمل ہے اور یہاں 100 روپے کی پرچی پر مریض کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہے اور مستحق افراد کا زکوٰۃ فنڈ سے علاج کیا جاتا ہے۔