سرکاری اسپتال میں مریضوں کو بہتر فراہمی اچھا اقدام ہے ، ڈاکٹر احسن

144

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر احسن قوی صدیقی نے کہا ہے کہ لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو پبلک سیکٹر میں سندھ کا پہلا اسپتال ہے جسے ہم نے مریضوں کے علاج ومعالجہ،صفائی ستھرائی اور مریضوں کو معیاری خوراک کی فراہمی سمیت دیگر شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر کوالٹی کیئر پروو یژنل سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے ، لیاقت یونیورسٹی اسپتال 2100 بستروں پر مشتمل ہے جہاں سرجری اینڈ الائیڈ ،میڈیسن اینڈ الائیڈ ،ڈائیلیسز،ٹراما کیئر، حادثات، ریڈیولوجی، اوبسٹیٹرکس اینڈ گائنی کولوجی ، ڈینٹسٹری، ویکسینیشن سینٹر، او پی ڈی کلینکس، انٹرو ینیشنل کاڈیو لوجی، پیتھا لوجی لیبارٹری اور فارمیسی کے شعبہ جات موجود ہیں جو کہ اپنے اپنے بہتر طریقہ کار کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول اسپتال حیدرآباد میں کوالٹی کیئر پروویژنل سرٹیفکیٹ دینے کی ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدر آباد و جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مبشر علی کولاچی، ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی،اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو ، ڈائریکٹر آئی سی یو ڈاکٹر کاشف میمن، اے ایم ایس جنرل ٹو ڈاکٹر شوکت علی لاکھو،آر ایم او جنرل ڈاکٹر فیصل میمن اور دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے ۔ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے سی او ڈاکٹر احسن قوی صدیقی نے مزید کہاکہ اسپتال کی کارکردگی کو ہر زاویے سے دکھا گیا ہے جو کہ مکمل اطمینان بخش ہے جبکہ یہ سرکاری اسپتال ہے کیونکہ جدید مشنری، ایم آر آئی، سٹی اسکن اور دیگر نئے نئے جدید طریقوں سے پیچیدہ آپریشن اسپتال کا حیرت انگیز کارنامہ ہے جو کہ سندھ کے بڑے پرائیویٹ اسپتالوں سے بھی بہت بہتر ہے۔تقریب سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مبشر علی کولاچی اورڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے کئی بار اسپتال کے دورے کر کے ہر ایک شعبہ کی کارکردگی، مریضوں کے علاج و معالجہ اور صفائی ستھرائی کے علاوہ اسپتال میں استعمال شدہ فضلہ کو جمع کرنے کے بعد مشینوں کے ذریعے جلا کر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے قانون کے مطابق ضائع کرنے جیسے کاموں پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال کے ہر شعبہ اور وارڈوں میںجا کر بھی ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی کارکردگی کوچیک کرنے کے بعد پرو ویژنل سرٹیفیکٹ جاری کیا ہے اور یہ سرٹیفکیٹ ابھی عارضی بنیاد پر 6مہینے کے لیے جاری کیا گیا ہے جبکہ 6مہینے کے بعد مستقل بنیاد پر سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا جو کہ اسپتال انتظامیہ کی بہتر کارکردگی اور مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہاکہ لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کی او پی ڈی میں روزانہ کی بنیاد پر12ہزار مریض آرہے ہیں جنہیں مفت ٹیسٹ اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں ۔