پاکستانی نژاد آغا محمد صالح گورنر نیویارک کی نشست پر الیکشن لڑنے کا اعلان 

538

کراچی: بین الاقوامی امور کے ماہر، دانشور اور سیاسی تجزیہ نگار آغا محمد صالح نے نیویارک کے گورنر کی نشست پر الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

آغا صالح پہلے پاکستانی نژاد امریکی ہوںگے جو گورنر نیویارک کی نشست پر پنجہ آزمائی کریںگے ۔تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی امور کے ماہر، دانشور اور سیاسی تجزیہ نگار آغا محمد صالح کی جانب سے ریاست نیویارک کے گورنر کی نشست پر الیکشن لڑنے کے اعلان کے بعد امریکہ کے سیاسی منظر نامہ میں تہلکہ مچ گیا ہے۔

ڈیموکریٹس پارٹی سے تعلق رکھنے والے آغا محمد صالح کو پہلا امتحان کا سامنا جون 2022میں درپیش ہوگا جب وہ ڈیموکریٹس کے انٹراپارٹی الیکشن میں حصہ لیںگے ۔آغا صالح اگر ڈیموکریٹس کی جانب سے امیدوار بننے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ پہلے پاکستانی نژاد امریکی ہوںگے جو ریاست نیویارک کے گورنر امیدوار بنیںگے۔ مبصرین کے مطابق پاکستانی نژاد امریکی شہری آغا صالح جمہوریت، انسانی وقار اور خوشحالی کا مضبوط انتخابی نعرہ لے کر میدان میں اترے ہیں اور وہ ریاست کی سیاسی اشرافیہ کے لئے بہت بڑا چیلنج بن گئے ہیں۔

ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ آغا صالح جو ایک متحرک، مدبر رہنما کے طور پر گزشتہ 25 سالوں سے بنگلہ دیشن، سپین، چین اور ساوتھ ایشیا کے تارکینِ وطن کی خدمت کر رہے ہیں، اس وقت نیویارک کے سیاسی افق پر امید کے سورج کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ وہ 2015 سے 2019تک کمیونٹی بورڈ کے ممبر رہے ہیں۔ کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کے لئے وہ ہمیشہ آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ بھارت میں مودی کی ہندوتوا اور اقلیتوں پر ظلم کے خلاف آغا صالح ہمیشہ انسانی حقوق کے علمبردار کے طور پر سامنے آئے۔آغاز محمد صالح کا آبائی تعلق پاکستان کے شہر لاہور سے ہے۔

وہ بحیثیت پروفیشنل ایک انجینئر ہیں ۔وہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی پاپولر ترین شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جبکہ مشہور امریکی شخصیات سے بھی ان کے ذاتی تعلقات ہیں ۔آغا محمد صالح خارجہ پالیسی اور معاشی امور میں مہارت رکھتے ہیں اور اس حوالے سے مختلف ٹی وی پروگرامز میں بھی شریک ہوتے رہے ہیں ۔