“علاقہ شادمان کے افسران اپنی نااہلی کی وجہ سے نالے کی تعمیر نہیں کررہے”

410

کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی کا کہنا ہے کہ علاقہ شادمان کے افسران اپنی نااہلی کی وجہ سے نالے کی تعمیر نہیں کررہے، کراچی کے تمام حادثات نالے کی تعمیر نہ کرنے اور سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے ہورہے ہیں۔

جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت شادمان نالے کی تعمیر کے لیے قلندریہ چوک پراحتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے اسامہ رضی نے کہا کہ  علاقہ شادمان کے ایم این اے اور ایم پی اے کہاں ہیں؟  ایم این اے اور ایم پی اے اپنی بولیاں لگوارہے ہیں ان کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی کراچی کاکہنا تھا کہ  کراچی کے تمام ایم این اے اور ایم پی ایز کراچی کی تباہ حالی کے ذمہ دار ہیں، شادمان کے علاقہ مکین نالے کی تعمیر کے حوالے سے احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔

اسامہ رضی نے کہا کہ  کراچی دنیا کا ساتواں بڑا شہر ہے، کراچی کے افسران سوائے لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کررہے، ساڑھے تین کروڑ آبادی والا شہر حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے تباہ حال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  کراچی کے مخلتف علاقوں میں نالے تعمیر نہیں کیے جارہے، عدم اعتماد کی تحریک برپا ہے لیکن عوام کے مسائل اور ان کی آواز سننے والا کوئی نہیں ہے، عدم اعتماد کی تحریک اقتدار کی لڑائی کے سوا کچھ نہیں ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  تحریک میں شامل کٹھ پتلیاں اسٹبلشمنٹ کے اشاروں تحریک چلا رہی ہیں، 22 کروڑ انسانوں کا کوئی والی وارث نہیں ہے، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو شہر کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔

اسامہ رضی کا کہنا تھا کہ  کراچی کے تمام مسئلے ظالموں کے پیدا کردہ ہیں، ظالموں کے تمام ہتھکنڈوں کے مقابلے میں اسلامی جماعت کی ذمہ داری ہے کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کریں، جماعت اسلامی عوام کی جماعت ہے ، ماضی میں بھی کراچی کی بے لوث خدمت کی ہے اور آج بھی کراچی کی آواز بنی ہوئی ہے۔

اسامہ رضی کا کہنا تھا کہ  حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں شہر کراچی کے مسائل کو پورے ملک کے سامنے اجاگر کیا،حکمران جماعتیں عوام کے مینڈیٹ کا سودا کررہے ہیں، ایم کیو ایم نے سوداگری کی تاریخ کو دوبارہ دہرایا ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ ایم کیو ایم پیپلزپارٹی سے اپنی بولیاں لگوا کر کراچی کے عوام کے ارمانوں کا خون کررہے ہیں، ایم کیو ایم کے ایم این اے اور ایم پی اے ایوانوں میں پہنچ عوام کے ووٹوں کا سودا کرتے ہیں، کراچی کے عوام حکمران طبقے کے خلاف زبردست تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔

اسامہ رضی کا کہنا تھا کہ  جماعت اسلامی ہی کراچی کے عوام کی ترجمان جماعت ہے، کراچی کے عوام جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں،  ہم ہی عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔