فیملی پارک پر مافیا کا قبضہ کسی صورت برداشت نہیں، اسد اللّٰہ بھٹو

407
فیملی پارک پر مافیا کا قبضہ کسی صورت برداشت نہیں، اسد اللّٰہ بھٹو

کراچی: نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان اسد اللّٰہ بھٹو نے کہا ہے کہ یوسی 30 ضلع شرقی میں واقع بینظیر بھٹو فیملی پارک پر عدالتی احکامات کے باوجود لینڈ مافیا کا قبضہ انتہائی قابل مذمت ہے ہم یہ قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک سیکرٹریٹ میں ایڈووکیٹ حاکم چنا اور ممتاز اجن کی قیادت میںملاقات کرنے والے معززین علاقہ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر ضلع شرقی سید علی محمد، پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی ضلع شرقی کے صدر سید قطب احمد، جنرل سیکریٹری پبلک ایڈ علاقہ صفورہ حماد بھٹو، سکندر دھامراہ اور بچل سومرو بھی موجود تھے۔ اسد اللّٰہ بھٹو کا مزید کہنا تھاکہ کراچی شہر اس وقت مافیاز کے نرغے میں ہے اور ہم جس بھی مافیا کا تعاقب کرتے ہیں اس کا سراغ بلاول ہاؤس میں ملتا ہے۔ ریوینیو ڈپارٹمنٹ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس، مافیاز کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں مگر جماعت اسلامی یہ برداشت نہیں کر سکتی۔

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی بینظیر بھٹو فیملی پارک کی بحالی کے لیے فیصلہ کن جدو جہد کرے گی اور قبضہ مافیا چاہے جتنی بھی طاقتور ہو اس کی مزاحمت کی جائے گی۔ صدر پبلک ایڈ کمیٹی ضلع شرقی سید قطب احمد نے کہا کہ ہم کراچی سے کشمور تک ظالموں اور مافیاز کا تعاقب کریں گے کراچی اور پورے صوبے کی زمینوں کو چراگاہ سمجھ کر قبضہ کرنے والوں کو انجام تک پہنچائیں گے اور اس کا آغاز بینظیر بھٹو فیملی پارک کی واگزاری سے ہوگا۔ اس موقع پر معززین علاقہ ایڈووکیٹ حاکم چنہ اور ممتاز اجن و دیگر نے قبضہ مافیا اور لینڈ مافیا کے خلاف جدوجہد پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔