کرناٹک ہائیکورٹ کا حجاب پر پابندی برقرار رکھنے کا حکم

1316

نئی دہلی: بھارتی ریاست کرناٹک کی ہائیکورٹ نے تعلیمی اداروں میں حجاب پابندی کیخلاف دائر درخواستوں کو خارج کرتے ہوئے پابندی برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔

بھارتی اعلی عدالت بھی ہندو انتہاپسندوں کی زبان بولنے لگی، کرناٹک کی ہائیکورٹ نے ہندو انتہاپسندوں کی مرضی کا فیصلہ سنا دیا، مسلم طالبات کی طرف سے کالجوں میں حجاب پہننے کی اجازت کے لیے دائر درخواستوں کو خارج کردیا۔

کرناٹک ہائیکورٹ نے منگل کو تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ حجاب پہننا اسلامی عقیدے کا لازمی مذہبی عمل نہیں ہے۔

ہائیکوٹ کے چیف جسٹس ریتو راج اوستھی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تعلیمی اداروں کو یونیفارم تجویز کرنے کا حق ہے۔

کرناٹک کی مسلمان طالبات نے تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پر پابندی کے حکومتی فیصلے کیخلاف کرناٹک ہائیکورٹ میں 5 درخواستیں دائرکی تھیں۔ مسلمان طالبات نے حجاب پرپابندی کیخلاف بھارتی سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے ان کی درخواست کی سماعت سے انکار کردیا تھا۔

باحجاب طالبات کو تعلیمی اداروں میں داخل ہونے سے روکنے کے خلاف بھارت کے مختلف شہروں میں احتجاج بھی کیا گیا تھا۔