ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کو روکا جائے،ایپکا

154

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن(ایپکا) فیڈرل این ٹی ڈی سی یونٹ کے صدر اور سابق رہنماء انصاف لیبر ونگ رؤف بھٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں جاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کو روکا جائے اور ان تمام کمپنیوں، بشمول این ٹی ڈی سی، جنریشن اور واٹر ونگ کو ضم کرکے ان کی سابقہ حیثیت واپڈا کو بحال کیا جائے۔ ماضی میں جس وقت واپڈا کو آئی ایم ایف کی فرمائش پر پرائیویٹ کرنے کے لیے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں تقسیم کرنے کا عمل شروع ہوا تو اس وقت تمام مزدور رہنماؤں نے حکومت کو اس عمل سے روکنے کے لیے مزاحمت کی تھی اور اس کے نقصانات سے آگاہ کردیا تھا لیکن ناعاقبت اندیش حکمرانوں نے ایک نہ سنی اور واپڈا جیسے بڑے قومی ادارے کو توڑ ڈالا جس کے نتائج آج قوم بدترین لوڈشیڈنگ، بجلی چوری، کرپشن اور کچھ کالی بھیڑوں کی غنڈہ گردی کی شکل میں بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت صرف واپڈا تھا تو بجلی کی ترسیل و تقسیم کا نظام بہتر تھا درپیش مسائل کم تھے اور قوم بھی کافی حد تک مطمئن تھی۔