سکھر ،میونسپل کمشنر کی مختلف علاقوں سے چالان جمع کرنے کی ہدایت

88

سکھر(نمائندہ جسارت)میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے شہر کے مختلف علاقوں میں پڑے تعمیراتی میٹریل / ملبہ وغیرہ کے معقول چالان کرنے اور ریکوری بڑھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں طلب کی گئی ایک میٹنگ کے دوران جاری کیں جس میں اکائونٹس آفیسر غلام محمد سولنگی، ٹیکسیشن آفیسر محمد علی لغاری، اینٹی انکروچمنٹ آفیسر سکندر چنا، آفس سپرنٹنڈننٹ اسلام الدین شیخ، انسپکٹرز سعید مہر، شاہد جتوئی، مسلم شاہ سمیت متعلقہ عملے نے شرکت کی۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ بلڈنگز و گھروں کی تعمیرات کے دوران سڑک، گلی و محلوں میں پڑے ملبے کے چالان کیے جائیں کیونکہ مختلف علاقوں میں جتنی تعمیرات جاری ہیں اور ملبہ جگہ جگہ پڑا ہوا ہے اس حساب سے ٹیکس کی ریکوری ناکافی ہے لہذا اس پر خصوصی توجہ دی جائے اور شہریوں کو تلقین کی جائے کہ وہ کام کو جلد از جلد مکمل کرکے صفائی بھی کروائے۔ انہوں نے اکائونٹ آفیسر اور ٹیکسیشن آفیسر کو ہدایت جاری کی کہ ملبے کی ٹیکس فیس کے چالان پر چیک اینڈ بیلنس بھی رکھا جائے کہ وہ میونسپل اکائونٹ میں جمع ہوں۔ انہوں نے اکائونٹ آفیسر غلام محمد سولنگی کو 2019ء سے ٹیکسز کی ریکوری کی جانچ پڑتال کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔