جانوروں میں جلد کا وبائی مرض بے قابو، سندھ میں مویشی منڈیوں پر پابندی

470

کراچی: محکمہ بلدیات سندھ کی جانب سے مویشی منڈیوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں مویشی منڈیوں کے لائسنس عارضی معطل کرنیکی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ بلدیات کے مطابق جانوروں میں لمپی اسکن بیماری پھیلی ہوئی ہے مویشی منڈی سے بیماری زیادہ پھیلنے کا خدشہ ہے۔اس حوالے سے جاری نوٹس کے مطابق لیمپی اسکن کی بیماری خاص طور پر گائے میں پائی جارہی ہے جس کی وجہ سے سندھ کی مویشی منڈیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

سندھ میں سانگھڑ، جامشورو، سکھر، میرپورخاص، ٹھٹھہ، حیدرآباد اور کراچی میں بیماری کی تصدیق ہو چکی ہے۔مذکورہ صورتحال کے پیش نظر سندھ میں مویشی منڈی کے قیام پر پابندی عائد کی گئی ہے۔اس ضمن میں ریسرچ آفیسر محکمہ بلدیات سندھ نے ہنگامی مراسلہ سندھ بھر کے بلدیاتی سربراہان کو ارسال کردیا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق  لمپی اسکن کی بیماری خاص طور پر گائے میں پائی جارہی ہے، یہ جلد کی خطرناک بیماری ہے جو جانوروں کی کھال سے جسم میں سرایت کرتی ہے۔

ماہرین کے مطابق جانوروں میں اس بیماری کو لمپی اسکن ڈیزیز کہا جاتا ہے، جبکہ اس بیماری میں جانور کے جسم پر پھوڑے نکلنا شروع ہو جاتے ہیں جبکہ یہی پھوڑے جانور کے گوشت کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ماہرین کے مطابق اس بیماری نے افریقہ میں تباہی مچادی تھی، جہاں 80 لاکھ کے قریب جانور متاثر ہوئے تھے۔اس بیماری میں مبتلا جانور کا دودھ اور گوشت انسانی صحت کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔

ماہرین نے بتایاکہ یہ بیماری ایک خاص مکھی اور متاثرہ جانور کے لعاب سے دوسرے جانور میں منتقل ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ کراچی کے باڑوں میں دودھ دینے والے جانوروں میں گانٹھ اور پھوڑے والی جلدی بیماری پھیل گئی ہے جلد کی اس بیماری کا وائرس متاثرہ جانور کے تھوک، اڑنے والے کیڑوں کے ڈنک یا کاٹنے سے صحت مند جانوروں میں پھیلتا ہے، متاثرہ جانوروں کو ذبح کرنا اچھا عمل نہیں ہے کیوں کہ یہ وائرس مکھی میں بھی موجود ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان میں یہ وبا نئی ہے،اس بیماری کی کوئی ویکسین مقامی طور پر موجود نہیں ہے،2021میں Lumpy وائرس افغانستان اور بھارت میں پھیلا تھا، گانٹھ یا پھوڑے والی جلدی بیماری سے متاثرہ جانور بھینس کالونی اور سپر ہائی وے کیٹل کالونیوں کے باڑوں میں موجود ہیں۔