پاکستان میں پشتونوں کو ذلت کا سامناہے، محمود اچکزئی

186

کوئٹہ (آن لائن) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پشتونوں سے اپیل کی کہ وہ اس جرگے سے اپنے اتحاد واتفاق کی بنیاد ڈال دیں ،پاکستان میں سندھ ،پنجاب میں پشتونوں کو ذلت کاسامناہے ۔مشال ریڈیو سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ 40سالہ افغان جنگ میں دنیا جہاں نے حصہ لیا ،پشتون وطن دنیا جہاں کے دولت سے مالا مال لیکن عام پشتون بھوک وافلاس کاشکار ہیں، لوگ ہمیں قتل اور ذبح کررہے ہیں ، پشتون جو کبھی دہشتگرد نہیں رہا لیکن دنیا میں مشہور کردیاگیاہے کہ ہمارادہشتگردی کے سوا کوئی کام نہیں ۔انہوں نے کہا کہ مولانافضل الرحمن ،اسفندیار ولی خان ، آفتاب احمدشیرپائو پر حملے ہوئے ،یہاں ہم محفوظ ہیں نہ ہی ہمارے بڑے ۔اس کے لیے ہم نے جرگہ بلایاہے کہ ہر شخص آئے اور ہمیں اپنے مسائل سے آگاہ کرے، بحیثیت اولس ہم اس وطن میں رہناچاہتے ہیں اس کے لیے ضروری ہے کہ پنجابی ،سندھی اور بلوچ کے جو حقوق ہوں وہ پشتون کو بھی ملنے چاہئیں ،ہمارے وسائل پر ہمارے بچوں کا اختیار تسلیم ہو۔محمود اچکزئی نے کہا کہ پہلی بار پشتونوں کو یکجاکیاجارہاہے میری خواہش ہے کہ پشتون اس جرگے سے اپنے اتحاد واتفاق کی بنیاد ڈال دیں۔ اگر ہم افغانستان کو بچاناچاہتے ہیں تو اس کیلیے قانون بنائیں اور اس میں شامل ہونا چاہیے کہ افغانستان میں بندوق کی نوک پر کوئی حکومت قائم نہ کرے اس کو جرم سمجھاجائے ،اگر ہم ایک دوسرے کو یوں قتل کرینگے تو وطن کوکھو دینگے۔