پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونگے، الیکشن کمشنر

249

لاہور (صباح نیوز) الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونگے۔ ایسے افراد جو کسی سیاسی جماعت کے ساتھ شمولیت اختیار نہیں کرنا چاہتے وہ گروپ تشکیل دے کر انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔غلام اسرار خان نیپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں اور انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے حوالے سے دفتر ریجنل الیکشن کمشنر ملتان میں تمام ضلعی الیکشن کمشنرز کی موجودگی میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ الیکشن کمشنر پنجاب نے اجلاس میں انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے دوران غیر تصدیق شدہ ووٹرز کی تصدیق کے عمل کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ غیر تصدیق شدہ ووٹرز کی تصدیق کا کام انتہائی ایمانداری اور دلجمعی کے ساتھ کیا جائے۔ الیکشن کمشنر پنجاب نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں کے حوالے سے ملتان میں جاری حلقہ بندیوں کے عمل پر بھی افسران سے بریفنگ لی۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ضلعی الیکشن کمشنر ز کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں کا آغاز کر دیں۔