وزیر اعظم اپنے مشیروں سے محتاط رہیں‘پرویزالٰہی کا مشورہ

291

لاہور (صباح نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے چند اخبارات اور میڈیا ہائوسز کے اشتہارات بند کرنے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے مشیروں سے محتاط رہیں، وزیراعظم کے مشیر غلط بیانی سے حکومت اور میڈیا کے درمیان خلیج حائل کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ صوبائی اسپیکر
نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کو پیغام بھجوایا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین کو میڈیا میں جانے سے روکنے کی اطلاعات ہیں، اپنے اراکین کو مخصوص چینلز میں نہ جانے دینے پر تشویش ہے، اس سے تحریک انصاف اپنا نقطہ نظر عوام کے سامنے نہیں رکھ پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے جمہوریت کا حسن ہے، وزیر اعظم نے مجھے میڈیا ہائوسز اور حکومت کے درمیان پیکا آرڈیننس کے معاملات سلجھانے کا ٹاسک دیا ہے لیکن مجھے حیرانگی ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے میڈیا ہائوسز کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے، اشتہارات پر پابندی بظاہر پیکا آرڈیننس کے تناظر میں لگائی گئی، سرکاری اشتہارات عوام کے پیسے ہیں جن کو مخصوص اخبارات اور چینل کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔