عمران خان عوام کا نہیں کسی اور کا نمائندہ ہے،کٹھ پتلی وزیر اعظم استعفی دو یا اسمبلیاں توڑ دو، بلاول بھٹو

189

اوکاڑہ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ نااہل وزیراعظم کیخلاف احتجاج میں پورا ملک ساتھ ہے، عمران خان عوام کا نہیں کسی اور کا نمائندہ ہے۔

کٹھ پتلی وزیر اعظم استعفی دو یا اسمبلیاں توڑ دو، دہشتگردی، مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف لانگ مارچ کر رہے ہیں، یہ تبدیلی کے نام پر تباہی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اوکاڑہ پہنچنے کے بعد عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سلیکٹڈ اور نااہل وزیراعظم کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں، ہمارا احتجاج دہشتگردی، مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف ہے، حکومت کے آمرانہ طریقہ کار کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں، نالائق وزیراعظم کی وجہ سے دہشتگردی کی آگ پھر بھڑک اٹھی ہے، بلوچستان اور پشاور میں بم دھماکے ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے معاشی بحران پیدا ہوا، قائد عوام نے کسانوں کو ان کا حق دیا، زمین کا مالک بنایا، خان صاحب نے زراعت کے شعبے کیلئے کچھ نہیں کیا، آج کسان مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہا ہے، آج کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دیا۔

پیپلز پارٹی نے این ایف سی کے تحت صوبوں کو اپنا حق دلوایا اور پاکستان کی عوام نے ہر مشکل وقت میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام نے ثابت کر دیا کل بھی بھٹو زندہ تھا آج بھی بھٹو زندہ ہے۔ پیپلز پارٹی نے ملک میں 73 کے آئین کو بحال کرایا جبکہ آج پیپلز پارٹی سلیکٹڈ اور نااہل وزیراعظم کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بڑے منصوبے آصف علی زرداری کی وجہ سے سی پیک کے تحت بنے لیکن سلیکٹڈ ہر کام میں صرف یوٹرن لیتا ہے۔ آج کسان مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہا ہے اور یہ آج جتنی بھی کوشش کر لیں بےنظیر کا نام عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتے۔ بے نظیر نے شہادت قبول کی لیکن اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ موجودہ وزیر اعظم لیڈر نہیں بلکہ ایک کٹھ پتلی ہے اور سب نے کھلاڑی کو کرسی پر بٹھا کر دیکھ لیا کہ ملک اور معیشت کے تحفظ کے لیے قائد کی ضرورت ہے کھلاڑی کی نہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں سب سے زیادہ یوٹرن عمران خان نے لیے اور عوام پر مسلط وزیر اعظم نے جھوٹ بولا۔ پیپلز پارٹی کبھی لڑائی سے نہیں بھاگتی اور پیپلز پارٹی نے مشکل حالات میں کبھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا۔ کہا گیا سینیٹ انتخابات میں حصہ نہ لیں لیکن ہم نے کٹھ پتلی کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم سے کہتے ہیں آپ کے پاس 3 دن ہیں خود مستعفی ہوجاو۔ سلیکٹڈ وزیر اعظم اسمبلیاں توڑو اور میدان میں ہمارا مقابلہ کرو۔ سینیٹ انتخابات میں کٹھ پتلی کو زبردست شکست ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کا نہیں کسی اور کا نمائندہ ہے اور اگر عوام ہمارے ساتھ ہیں تو اسلام آباد دور نہیں۔ کٹھ پتلی وزیر اعظم کو کہتے ہیں تمہارے پاس صرف 3 روز باقی ہیں۔ استعفی دو یا اسمبلیاں توڑ دو۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جمہوری حملہ کر کے کٹھ پتلی حکومت کو گرائیں گے۔ پیپلزپارٹی کا حکومت مخالف لانگ مارچ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں، مارچ کے شرکا نے گذشتہ رات ساہیوال میں قیام کیا اور ہفتہ کو لاہور کے سفر کا آغاز کردیا،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ اوکاڑہ کے بعد پتوکی جائیں گے اور ہم کل لاہور پہنچیں گے۔

لاہور روانگی سے قبل اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے پنجاب میں لانگ مارچ کا فقید المثال استقبال کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جیالوں کا پر امن لشکر بھٹو اور بینظیر کا نامکمل مشن مکمل کرے گا اور اپنی منزل پر پہنچے گا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ مارچ اپنی منزل کی جانب رواں دواں رہے گا، سات دن کا سفرمذاق نہیں ہے، ساتھ ہی انہوں نے کارکنان کو سختی سے ہدایت جاری کی کہ کسی صورت ون وے کی خلاف ورزی نہ کی جائے، کارکنان اپنے حفاظت کا خیال رکھیں۔

دوسری جانب ترجمان بلاول بھٹو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ قیادت جاری پاکستان کی تاریخ کا طویل ترین لانگ مارچ تاریخ رقم کر رہا ہے، لانگ مارچ کو ملنے والی عوامی پذیرائی نے پی ٹی آئی حکومت کے اوسان خطا کردیئے ہیں۔ترجمان بلاول ہاس نے ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے پاس اب بھی وقت ہے، عوام کا سمندر اسلام آباد پہنچنے سے قبل مستعفی ہوجائیں ۔۔۔