پی ٹی آئی سندھ دشمن ، مرزا خاندان احسان فراموش ہے ، پی پی بدین

368

بدین(نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا حقوق سندھ کی بدین آمد وفاقی وزرا کے پیپلزپارٹی اور قیادت پر لگائے گئے جھوٹے الزمات پر شدید رد عمل، محسن کش قرار،وزیراعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی تنزیلہ حبیبہ قنبرانی نے پیپلزپارٹی کے رہنما سابق چیئرمین علی اصغر ہالیپوٹہ کے ہمراہ بدین میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی ہمیشہ پارٹیاں تبدیل کرتا رہا ہے اور ناکام خارجہ پالیسی نے ملک کو دنیا میں اکیلا کر دیا، فہمیدہ مرزا اور ڈاکٹر ذوالفقار مرزا محسن کش ہیں، پیپلزپارٹی اور زرداری کی وجہ سے فرش سے عرش پر پہنچے۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور ڈاکٹر زوالفقار مرزا کے تمام الزمات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں یہ ان کا جھوٹ پیکا قانون کی زد میں آتا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کی معاونِ خصوصی برائے انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی تنزیلہ امِ حبیبہ نے کہا کہ سلیکٹڈ خاتون وزیر فہمیدہ مرزا کی ہرزہ سرائی کر رہی ہیں ۔انہوں نے کہا فہمیدہ مرزا کا یہ کہنا کہ اہلِ بدین نے بلاول زرداری کا استقبال کرنے کے عوض پیسے لیے بیمار ذہنیت کا عکاس ہے۔ علی اصغر ہالیپوٹہ سابق چیئرمین ضلع کونسل کا کہنا تھا کہ بدین میں چیئرمین بلاول زرداری کے تاریخی استقبال پر فہمیدہ مرزا اور اس کے خاندان کی نیندیں حرام ہوگئیں۔بدین کے عوام باشعور عوام نے آمروں سے مقابلہ کیا ہے، کٹھ پتلیوں کی کیا اوقات ہے۔ انہوں نے کہا چیئرمین بلاول زرداری کی زیرِ قیادت عوامی مارچ سے چھوٹے بڑے سلیکٹڈ ڈر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا بی بی شہید جب بھی بدین آئیں ان کا قیام ہمارے پاس رہا مرزا کے پاس بی بی شہید کبھی نہیں گئیں نہ قیام کیا۔تنزیلہ حبیبہ نے کہا جس پارٹی نے فہمیدہ مرزا کو ملک کی پہلی خاتون اسپیکر بنایا، اس کے خلاف ہرزہ سرائی کرنا کم ظرفی کی انتہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر حاجی رسول بخش چانڈیو اور معاون خصوصی پیر نوراللہ قریشی نے بھی اپنے جاری اعلامیہ میں حقوق سندھ مارچ کو ایک ناکام شو قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور ڈاکٹر زوالفقار مرزا کا اپنے ناکام جلسہ میں پارٹی رہنماؤں پر لگائے گئے الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اب کوئی حیثیت نہیں بدین میں عوام نے ان کو مسترد کر دیا ہے اب یہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں بدین کے عوام اب ان کی ہر بدزبانی کا بھرپور جواب دیں گے۔