یورپی یونین نے یوکرین پناہ گزینوں کو عارضی تحفظ فراہم کرنے کی منظوری دے دی

636
یورپی یونین نے یوکرین پناہ گزینوں کو عارضی تحفظ فراہم کرنے کی منظوری دے دی

برسلز: یورپی یونین نے یوکرین سے نکلنے والے پناہ گزینوں کو عارضی تحفظ فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جن کی تعداد اب تک 10لاکھ ہے ،اس ضمن میں رومانیہ میں ایک انسانی ہمدردی کا مرکز بھی قائم کیا جائے گا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے وزرائے داخلہ نے برسلز میں ہونے والی میٹنگ میں 2 دہائی قبل بنائے گئے ایک عارضی تحفظ کے طریقہ کار کو فعال کرنے پر اتفاق کیا جو سابق یوگوسلاویہ میں جنگوں کے جواب میں بنایا گیا تھا لیکن اسے کبھی استعمال نہیں کیا گیا ۔ یورپی ہوم افیئر کمشنر یلوا جوہانسن جنہوں نے اجلاس میں شرکت کی نے ٹویٹ میں کہا کہ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کے لیے اس لمحے کی اہمیت کو کم نہیں کیا جا سکتا۔

فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ درمانین نے کہا کہ یورپی یونین یوکرین نے نقل مکانی کرنے والے تمام افراد کو عارضی تحفظ فراہم کرے گا، انہوں نے کہا کہ عارضی تحفظ کا اطلاق یوکرین کے باشندوں اور یورپی یونین میں داخل ہونے والے ان کے خاندان کے افراد کے ساتھ ساتھ ان لوگوں پر بھی ہو گا جو یوکرین میں پہلے سے پناہ گزین کی حیثیت رکھتے تھے۔ یلوا جوہانسن اور جیرالڈ درمانین نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ فیصلہ یورپی یونین کے 27 ممالک کی نمائندگی کرنے والے وزرانے متفقہ طور پر کیا ہے۔

آکسفیم نے یورپی یونین کے فیصلے کے ایک بیان میں اسے یورپ کے لیے ایک اہم موڑ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے تحفظ کا طریقہ کاریوکرین سے نکلنے والے افراد کو براہ راست لائف لائن پیش کرتا ہے اور اب تمام یورپی یونین کے رکن ممالک کو ذمہ داری قبول کرنے کی ضرورت ہے۔یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے اسی طرح کے اقدام کا اعلان کیا، جس میں ملک میں پہلے سے موجود یوکرینی باشندوں کو عارضی طور پر محفوظ کا درجہ دیا گیا جس کا مطلب ہے کہ وہ امریکا میں رہ سکتے ہیں اور ان کی ملک بدری کا خطرہ ٹل گیا ہے۔