۔10فیصد سے کم کورونا شرح والے شہروں میں پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ

150

کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ صباح نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے ملک کے10فیصد سے کم کورونا مثبت والے علاقوں سے پابندیاں اٹھالیں۔ منگل کو این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا جس میں اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔10فیصد سے کم کورونا مثبت کیسز والے شہروں میں 300 تک افراد ان ڈور تقریبات میں شرکت کرسکیں گے‘ آوٹ ڈور تقریبات میں500 تک افراد شریک ہوسکیں گے‘ 12 سال سے کم عمر بچوں کے تعلیمی ادارے کورونا ایس او پیز کیساتھ کھلے رہیں گے۔ مکمل ویکسین شدہ افراد کو ان ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی۔ سینما، مزارات مکمل ویکسین شدہ افراد کے لیے کھلے رہیں گے‘ ان ڈور اسپورٹس سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ این سی او سی نے 10فیصد سے زاید کورونا مثبت کیسز والے شہروں کی فہرست جاری کردی جہاں پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان شہروں میں گلگت، مظفرآباد، مردان، کراچی، حیدرآباد اور پشاور شامل ہیں۔ این سی او سی کااگلا جائزہ اجلاس 21 فروری کو ہوگا۔ علاوہ ازیں پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے مزید27 افراد انتقال کر گئے اور2597 بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 48037 ٹیسٹ کیے گئے۔ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.40 فیصد رہی۔ ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 29828 ہو گئی اور مجموعی کیسز 14 لاکھ 88 ہزار 958 تک جا پہنچے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں15 مریض انتقال کرگئے جبکہ587 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور851 افراد صحتیاب ہوئے ہیں‘236 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔