جعلی عامل کے کہنے پر حاملہ خاتون کے سر میں کیل ٹھونک دی گئی

269

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک ) جعلی عامل کے کہنے پر حاملہ خاتون کے سر میں کیل ٹھونک دی گئی۔تفصیلات کے مطابق پشاور میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر خاتون نے جعلی عامل کے کہنے پر سر میں کیل ٹھونکوا لی۔ذرائع کے مطابق خاتون بیٹے کی خواہش میں جعلی پیر کے پاس گئی تھی،جعلی پیر نے خاتون کو کہا کہ اگر اس کے سر میں کیل ٹھونک دی جائے گی تو وہ بیٹے کی ماں بن جائے گی۔خاتون کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا۔زخمی خاتون کی لیڈی ریڈنگ اسپتال میں سرجری کرکے کیل کو نکال لیا گیا۔نیورو سرجن ڈاکٹر حیدر کے مطابق خاتون حاملہ ہے جس کے سر میں گہری چھوٹ لگی ہے۔انہوں نے کہا کہ خاتون نے بتایا کہ بیٹے کی خواہش میں جعلی پیر کے پاس گئی تھی،پیر نے کہا کہ سر میں کیل ٹھونکنے سے بیٹا پیدا ہو گا۔آپریشن کرنے والی ٹیم میں موجود ایک ڈاکٹر کے مطابق خاتون سے جب ہسٹری لی گئی تو خاتون نے بتایا کہ انھوں نے درحقیقت کیل خود اپنے ماتھے پر ٹھونکی تھی۔خاتون نے بتایا کہ وہ تین بچوں کی ماں ہیں اور اس وقت بھی حاملہ ہیں۔ ان کے خاوند کا مطالبہ تھا کہ اس مرتبہ ہر صورت میں بیٹا ہونا چاہیے۔ڈاکٹر کے مطابق خاتون نے بتایا کہ خاوند نے ان کو نہ صرف شدید دباؤ میں رکھا ہوا تھا بلکہ یہ بھی کہہ دیا تھا کہ اگر اس مرتبہ بیٹی ہوئی تو وہ ان خاتون کے ساتھ نہ صرف سختی کرے گا بلکہ انھیں گھر سے نکال دے گا۔ڈاکٹر کے مطابق خاتون نے بتایا کہ وہ ان باتوں سے بہت زیادہ پریشانی اور ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔ترجمان ایل آر ایچ کے مطابق آپریشن کے ذریعے کیل نکال کر خاتون کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔سی سی پی او پشاور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کریں گے۔