ملک میں کورونا سے 38 اموات ،ہزارہ یونیورسٹی 10 روز کیلئے بند،کراچی میں مثبت کیسز میں مزید کمی

269

کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں گزشتہ24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 38 افراد انتقال کرگئے‘3338 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ (covid.gov.pk) کے مطابق کورونا کے 44779 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3338 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی‘ مثبت کیسز کی شرح 7.45 فیصد رہی‘1684کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29516 ہوچکی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 63 ہزار111 تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 4905 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد13 لاکھ 44 ہزار 403 ہوگئی ہے۔ ہزارہ یونیورسٹی میں کورونا کیسز سامنے آنے پر یونیورسٹی کو10 روز کے لیے بند کردیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے اسٹاف میں کورونا مثبت کیسزرپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں آج ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے۔ یونیورسٹی کی انتظامیہ کے مطابق امتحانات 15 فروری کے بعد ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سندھ میں کورونا وائرس سے مزید ایک مریض دم توڑ گیاجبکہ12936 ٹیسٹ کرانے سے 804 نئے کیسز سامنے آئے جوکہ موجودہ تشخیصی شرح کا 6.2 فیصد ہے۔ بیان کے مطابق صوبے کے 804 نئے کیسز میں سے 477 کا تعلق کراچی سے ہے۔ دوسری جانب کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح مزید کم ہوگئی، محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کیسز کی شرح 11.15 فیصد ریکارڈ ہوئی۔