۔2 ٹبروں نے پھر سے ملک لوٹنے کا تجدید عہد کیا،شہباز گل

166

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک+اے پی پی) معاون خصوصی اطلاعات شہباز گل کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 2 ٹبروں نے پھر سے ملک لوٹنے کا تجدید عہد کیا، جنہوں نے ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنا، چوراہوں پر لٹکانا اور پیٹ پھاڑ کر لوٹا ہوا مال نکلوانا تھا وہ چور ایک بار پھر اکٹھے ہور ہے ہیں۔اپنے بیان میں شہباز گل نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت کی ملاقات ہوئی، آصف زرداری، بلاول زرداری ، شہباز شریف، حمزہ شہباز اور مریم صفدر سب بیٹھے ہوئے تھے، خواجہ سعد رفیق اور دیگر لوگ بھی تھے لیکن انہیں فریم سے کاٹ دیا گیا، جب کہ سعد رفیق کا سیاسی قد مریم سے زیادہ بڑا ہے، یہ وہی مریم نواز ہیں جو نعرہ لگوایا کرتی تھی عمران زرداری بھائی بھائی، شہباز شریف نے بھی آصف زرداری کو گھسیٹنا تھا لیکن ایسا نہیں کیا۔شہباز گل نے کہا کہ یہ پرائیوٹ لمیٹڈ کمپنیاں ہیں، نوازشریف اور آصف زرداری نے جس طرح غریب کی مدد کی اس طرح ہم نہیں کر سکتے، انہوں نے ملک مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 4 ارب روپے ڈال دیے، آصف زرداری نے سموسے اور پاپڑ والے کی غربت ختم کی، لیکن یہ لوگ اگلے ہی روز ان غریبوں کے اکاؤنٹس سے پیسے نکال لیتے ہیں، انہیں چاہیے کہ جس کے اکاؤنٹ میں اربوں ڈالتے ہیں کم از کم ان اکاؤنٹس میں ایک 2 لاکھ روپے تو چھوڑ دیا کریں، مسئلہ یہ ہے کہ ایک رات کے لیے غربت ختم کرتے ہیں۔شہبازگل نے کہا کہ اپوزیشن کے لوگ ہمارے کہنے پر ووٹ نہیں ڈالتے، ان کے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ہمارے کہنے پر ملتان سے باہر نہیں نکلتے۔