افسران جرائم کی شرح میں کمی کیلیے ہر وقت کوشاں رہیں، ایس ایس پی

211

 

قنبر علی خان(نمائندہ جسارت) ضلع قنبر شہدادکوٹ کے نئے ایس ایس پی بشیر احمد بروہی نے کہاہے کہ پولیس افسران ضلع بھر میں جرائم کی شرح میں کمی کیلیے ہر وقت کوشاں رہیں سنگین جرائم کی صورت میں متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز موقع پر بلاتاخیر پہنچیں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہر پولیس افسرکی اولین ترجیحات میں شامل ہو آرگنائزڈ کرائم پر سخت محاسبہ ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی چارج سنبھالنے کے بعد پولیس افسران سے ایک تعارفی اجلاس کے موقع پر کیا۔ایس ایس پی بشیر احمد بروہی نے کہاکہ محکمہ پولیس وہ ادارہ ہے جس کی ذمے داریاں بغیر کسی تعطل کے 24 گھنٹے اور سال کے بارہ مہینے جاری رہتی ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس افسران اپنی ترجیحات طے کریں اور ایک مثبت تبدیلی کیلیے دن رات متحرک رہیں کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیں کیونکہ شہریوں کے تعاون سے ہی جرائم کا موـثر سدباب ممکن ہے جبکہ کرپشن پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ افسران جرائم کو روکنے اور سراغ لگانے کیلیے اہم، تجارتی مراکز پر تاجر برادری کے تعاون سے مرحلہ وار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرانے کیلیے اقدامات کریں کیونکہ آج کل جرائم کے سدباب کیلیے روایتی طریقوں کے ساتھ ساتھ جدید طریقے اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا بھی وقت کی نہایت اہم ضرورت ہے تاکہ کسی بھی قسم کی واردات رونما ہونے کی صورت میں ملزمان کی جلد گرفتاری ممکن ہوسکے۔ انہوںنے کہاکہ پولیس افسران کسی بھی دباؤ کے بغیر دیانتداری ، فرض شناسی اور خدمت خلق کے جذبے کے تحت اپنی ذمے داریوں سے عہدہ برا ہونے کیلیے کوشاں رہیں اور لوگوں کو انصاف دینے میں بالکل تاخیر نہ کریں جبکہ تفتیشی افسران میرٹ پر مقدمات کو یکسو کریں اور کسی بھی پہلو کو معمولی سمجھ کر نظراندار نہ کریں جبکہ سنگین نوعیت کے مقدمات کے چالان بروقت عدالت بھجوائے جائیں، مجرمان کی گرفتاری عمل میں لائیں ،مال مسروقہ برآمد کریںاور آرگنائزڈ کرائم کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے کے علاوہ منشیات فروشی ، قمار بازی اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلیے خصوصی مہم چلائی جائے۔