این سی او سی کا ملک بھر میں گھر گھر ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کا اعلان

248

کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر+ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں کورونا کی پانچویں لہر کے وار جاری، عالمی وبا نے مزید 32 زندگیاں نگل لیں، این سی او سی نے ملک بھر میں گھر گھر ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی مہم میں ٹیمیں عوام کو کورونا ویکسین لگائیں گی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی ویکسی نیشن کی خصوصی مہم شروع کردی گئی ہے، مہم کے تحت ٹیمیں گھر گھر جا کر ویکسین لگائیں گی۔انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کے لیے گھرگھر مہم سے عوام فائدہ اٹھا سکتے ہیں، عوام بہر صورت ویکسی نیشن کرائیں، کورونا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ 18 کروڑ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، عوام کی بڑی تعداد بھی بوسٹر ڈوز لگوا چکی ہے جب کہ بوسٹر دوز لگوانے والے افراد کو کورونا ہونے کے باوجود کم مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا جا رہا ہے، 55ہزار ٹیمیں ویکسین کی خصوصی مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔سندھ حکومت نے بھی 14 فروری سے گھر گھر ویکسی نیشن مہم کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 32 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 301 ہو گئی ہے۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 5 ہزار 327 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 30 ہزار 366 ہو گئی۔اس دوران ملک بھر میں 55 ہزار 202 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 9.65 فیصد رہی۔