کورونا سے مزید 21 اموات 7048 نئے مریض

320

کراچی (اسٹاف رپورٹر+مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں عالمی وبا کورونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 21 افراد انتقال کر گئے اور 7048 نئے مریض بھی سامنے آئے۔ بلدیہ کراچی کے افسران بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے،سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم سمیت ایک درجن افسران و ملازمین کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔امریکی سفارتخانے نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان کو فائزر ویکسین کی47 لاکھ خوراکیں اور 7 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 61077 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 7048 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 21 افراد انتقال کر گئے۔سرکاری اعداد و شمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 11.54 فیصد رہی۔این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29269 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 25 ہزار 39 تک پہنچ چکی ہے۔اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2987 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ۔ادھر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیر کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 8 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 7829 ہوگئی ہے جبکہ13023 ٹیسٹ کرانے سے 1411 نئے کیسز سامنے آئے جن میں سے 667 کراچی سے سامنے آئے ہیں۔علاوہ ازیںبلدیہ کراچی کے سینئر افسران بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے لگے جس کی وجہ سے پورے کے ایم سی میں مرض کا خوف پھیل گیا ہے۔ قائم مقام سینئر ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز مینجمنٹ الطاف ساریو نے اچانک رخصت پر چلے جانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ کووڈ ٹیسٹ مثبت آگیا جس کی وجہ سے وہ کورنٹائن ہوگئے ہیں۔ خیال رہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے حکم پر کے ایم سی کے چودہ ہزار ملازمین نے ویکسینشن کرالی تھی۔ معلوم ہوا ہے کہ کے ایم سی میں ایک درجن افسران و ملازمین کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔مزید برآںامریکی سفارتخانے نے کہا ہے کہ امریکا نے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے پاکستان کو 47لاکھ فائزر ویکسین کی خوراکیں فراہم کیں۔امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ نئی فراہم کردہ ویکسین کے بعد امریکا کی جانب سے اب تک پاکستان کو مجموعی طور پر 4 کروڑ 14 لاکھ ویکسین فراہم کی جاچکی ہیں جبکہ کورونا مخالف اشتراک کے تحت پاکستان کو تقریبا ً7 کروڑ ڈالر کی امداد بھی دی ہے۔