مریض کی زندگی بچانا اولین ترجیح ہونی چاہیے،ڈاکٹر غضنفر

141

بدین (نمائندہ جسارت) انڈس اسپتال ڈی ایچ کیو بدین میں انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک پاکستان اور امریکن یونیورسٹی ایمری گریڈی میموریل اسپتال ایٹلانٹا کے باہمی تعاون سے ڈاکٹرز اور نرسز کو ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تربیت دی گئی، انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک اور ایمری گریڈی میموریل اسپتال ایٹلانٹا کے مشترکہ پروجیکٹ کے تحت ڈاکٹرز کو 3 روزہ تربیتی کورس کرایا جا رہا ہے،امریکن ڈاکٹرانا یافی، ڈاکٹر اسٹیفنی بزبی اور ڈاکٹر ایمیلی رسل نے شعبہ حادثات سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز اور دیگر اسٹاف کو ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے اور ہنگامی صورتحال میں مریض کی جان بچانے کے لیے ابتدائی طبی امداد دینے کے حوالے سے ڈاکٹرز کو آگاہ کیا، شعبہ حادثات کے ڈاکٹرز کو ہنگامی صورتحال میں مریض کی جان بچانے کے لیے مصنوعی آپریشن کی مشق بھی کرائی گئی ۔اس کے علاوہ غیر ملکی ڈاکٹرز کی جانب سے ڈاکٹرز کو عملی طور پر مختلف صورتحال سے نمٹنے کے لیے جدید طریقہ علاج بھی سکھایا گیا، اس موقع پرانڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک شعبہ حادثات کے سربراہ ڈاکٹر غضنفر سلیم نے کہا کہ مریض کو ہوش میں لانے اور مریض کی زندگی بچانا ڈاکٹر کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، شعبہ حادثات کے ڈاکٹرز کو زندگی بچانے والی بنیادی مہارت سے متعلق ڈاکٹروں کو واقف ہونا چاہیے کیونکہ فوری اور موزوں کارروائی سے ہی کسی زندگی کو بچایا جاسکتا ہے، انچارچ ایمرجنسی انڈس اسپتال ڈی ایچ کیو بدین ڈاکٹر آفتاب نے کہا کہ اس قسم کے تربیتی پروگرام ڈاکٹرز کی پیشہ وارانہ مہارت میں کمال حاصل کرنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔