حیدرآباد،حیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن

158

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر نور احمد سومرو کی ہدایت پر حیسکو ریجن کے تمام علاقوں میں بڑے پیمانے پر بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں ماتلی سب ڈویژن میں کارروائیوں کے دوران نادہندگان کے واجبات کی عدم ادائیگی پر77بجلی کنکشن منقطع کردیے گئے ہیں جن پرایک کروڑ سے زائد واجبات تھے اور بجلی چوروں کے 109غیر قانونی کنڈا کنکشن موقع پر منقطع کردیے گئے ، جبکہ نادہندگان سے 8 لاکھ 72 ہزار روپے کی وصولی بھی کی گئی، آپریشن سب ڈویژن ٹھٹھہ اور گردونواح کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے واجبات کی عدم ادائیگی پر65 نادہندگان کے بجلی کنکشن منقطع کیے اور نادہندگان سے موجودہ بجلی کے بلوں کے علاوہ واجبات کی رقوم میں سے 13 لاکھ 55 ہزار 230 روپے کی وصولی کی گئی اور بجلی چوروںکے158غیرقانونی کنڈا ہٹائے گئے اور تاریں ضبط کر لی گئی ہیں، ٹنڈو محمد خان II سب ڈویژن میں کارروائیوں کے دوران صارفین کے بجلی کے بلوں کی چیکنگ کے دوران ناہندگان کے 62 بجلی کنکشن واجبات کی عدم ادائیگی پرمنقطع کردیے اور واجبات کی عدم ادائیگی پر2 گاؤں حاجانو خاصخیلی،شاہنواز ڈیتھو کی بجلی ایک کروڑ 13 لاکھ 35 سے زائد ہونے پر منقطع کردی گئی، 11 کے وی کے مین اسپین اُتار لیے گئے ہیں ،2 گاؤں اور مارکیٹ سے 9 لاکھ 10 ہزار 403 روپے کی وصولی بھی کی۔مزید برآں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں بڑھاتے ہوئے مکلی سب ڈویژن میں بجلی چوروںکے 152کنڈے کاٹ کر نادہندگان کے بجلی کے بلوں کی چیکنگ کے دوران زیادہ واجبات والے صارفین کے بجلی کنکشن منقطع کر دیے گئے ہیں جبکہ نادہندگان سے واجبات کی وصولی کی مد میں 12 لاکھ85ہزار کی وصولی بھی کی گئی ہے اور بجلی چوروں کے خلاف مروجہ قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں میں بجلی چوری کی ایف آئی آر درج کرانے کے لیے لیٹر بھی جمع کرادیے ہیں۔ سکرنڈ سب ڈویژن میں نادہندگان کے بجلی کے بلوں کی چیکنگ کے دوران 81 نادہندگان کے بجلی کنکشن منقطع کردیے گئے ہیں جبکہ نادہندگان سے 4لاکھ12ہزار کی وصولی بھی کی گئی، بجلی چوروں کے 135 کنڈہ کنکشن بھی کاٹے گئے ۔ ٹنڈوا لہیارسب ڈویژن میں کارروائیوں کے دوران نادہندگان کے 65 اور بجلی چوروں کے 98 کنکشن منقطع کرکے 5 لاکھ 95 ہزار 325 روپے کی وصولی بھی کی گئی ہے اور بجلی چوروں کے خلاف مروجہ قانونی کارروائی کیلیے متعلقہ تھانوں میں بجلی چوری کی ایف آئی آر درج کرانے کے لیے لیٹر بھی جمع کرادیے ہیں۔