سوئی میں بم دھماکے میں سرفراز بگٹی کے کزن سمیت 3 جاں بحق

380

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے سوئی میں بارودی مواد کے دھماکے میں سینیٹر سرفراز بگٹی کے کزن سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

سرفراز بگٹی نے ٹوئٹر پر بتایا کہ سوئی میں ایک حملے میں 4 افراد شہید جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کے پیچھے بلوچ ریپبلیکن آرمی کا ہاتھ ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ جاننا چاہتے ہیں کہ ریاست کب تک معصوم لوگوں پر ایسے حملوں کو برداشت کرتی رہے گی۔

ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے امن فورس کے رضا کاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، امن کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی کی ہے۔