حکومت نے راوی پروجیکٹ کو عدالت میں صحیح طریقے سے پیش نہیں کیا، وزیراعظم

470

لاہور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے راوی پروجیکٹ کو عدالت عالیہ میں صحیح طریقے سے پیش نہیں کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں، لاہور آمد پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بغیر پلاننگ ہاؤسنگ سوسائٹیز بنتی جا رہی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ شاید کسی کو غلط فہمی ہے کہ یہ ہاؤسنگ سوسائٹی بن رہی ہے، راوی پر ہاؤسنگ سوسائٹی نہیں، نیا شہر بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے بعد پلاننگ کے تحت دوسرا شہر بننے جا رہا ہے، دریائے راوی ختم ہوتا جا رہا ہے، منصوبے سے راوی کو محفوظ بنایا جائے گا، راوی سٹی کے ساتھ 2 کروڑ درخت لگائیں گے۔

وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ہائی کورٹ میں راوی پروجیکٹ صحیح طریقے سے پیش نہیں کیا گیا، ہماری آبادی بڑھ رہی ہے، نئے شہروں کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان دورہ لاہور کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کریں گے،وزیراعظم کو صوبے کی سیاسی و انتظامی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ تنظیم سازی و بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔