نوے دن میں کرپشن کا خاتمہ کردیا تھا،عمران خان

378
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کا وعدہ پہلے90دن میں پورا کر دیا تھا موجودہ دور حکومت میں کوئی مالی اسکینڈل سامنے نہیں آیا،سابقہ ادوار میں پاناما جیسے بڑے اسکینڈل سامنے آتے رہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ ،صحت کارڈ اور شہبازشریف کے خلاف کیسز پر گفتگو کی گئی۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر وفاقی وزیر اطلاعات فوادچودھری نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں مالی کرپشن کا ذکر نہیں، قانون کی حکمرانی سے متعلق معاملات کوسا منے لایاگیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہباز شریف کے کرپشن کیسز کو مزید اجاگر کیا جائے ،عوام کوبتایاجائے شریف خاندان نے کیسے منی لانڈرنگ کی۔ ترجمانوں کو صحت کارڈ جیسی سہولت پر عوام کو آگاہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عوام کو بہترین معاشی اشاریوں سے متعلق بھی آگاہ کیاجائے ،عوام کوعالمی اداروں کی معیشت پر رپورٹس کابھی بتایا جائے ،کوئی بڑا واقعہ رونمانہ ہواتومعیشت مزید بہتر ہوگی۔علاوہ ازیں صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا صحت کارڈ دنیا کے ہیلتھ سسٹم سے ایک قدم آگے نکل گیا،باہر جاکر علاج کرانے والوںکو کیا پتا غریب پر کیا گزرتی ہے، ملک میں غریب ٹھوکریں کھاتا رہا، امیر فائدہ اٹھاتا رہا،پیسہ لوٹنے والوں کو کھانسی بھی ہوتی ہے تو علاج کے لیے باہر چلے جاتے ہیں، ایسے لوگوں کو عوام کی پریشانی کا کیا احساس ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ عثمان بزدارکے خلاف پروپیگنڈا کیاگیا، سروے ہوا تو وہ نمبر ون وزیراعلیٰ بن گئے، پچھلا وزیراعلیٰ ٹوپیاں، ہیٹ پہن کر گھومتاتھا۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں سسٹم صرف اشرافیہ کے لیے بن گیا تھا، کسی نے سوچا ہی نہیں کہ ہم نے ریاست مدینہ کی طرف جانا ہے، ہم پوری دنیا کے لیے مثال بنیں گے کہ اصل میں فلاحی ریاست کیا ہوتی ہے، پچھلے سربراہان مملکت یہ سمجھتے رہے کہ ملک میں پہلے خوشحالی آئے گی پھر ہم اسے فلاحی ریاست بنائیں گے لیکن میں اس کے برعکس سمجھتا ہوں، ہم نے ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی کبھی کوشش ہی نہیں کی، مدینے کی ریاست میں انسانیت اور احساس تھا۔انہوں نے مزید کہا کہصحتکارڈ کے بعد لوگوں کو تعلیم کے شعبے میں بھی سہولیات دیں گے، یونیورسٹیزاورکالجز میں رسول اللہ ؐ کی سیرتِ پڑھایا جائے گا۔مزید برآں دورہ چین سے قبل آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے وزیراعظم ہاؤس کا دورہ کیا اور وزیرعظم سے ملاقات کی،سول اور عسکری قیادت کے درمیان دورہ چین سے متعلق تفصیلی مشاورت ہوئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھی شرکت کی۔چین کے دورے سے متعلق اہم امور پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں سیکورٹی اور خطے کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔