سندھ اسمبلی کو جدید خطوط پر استوار کرنا ترجیح ہے، ریحانہ لغاری

377

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائم مقام اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی کو جدیدخطوط پر استوارکرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے اوروہ چاہتی ہیں کہ اس کام میں ان کا کردارنمایاںہو،سندھ اسمبلی کے شعبوں میں ڈیجیٹلائزیشن غیرمعمولی تبدیلی لائی گئی جس سے اخراجات اور کام میں تاخیریقینی طورپرکم ہوگی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفترمیں یورپی یونین کے وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔یورپی یونین اپنے تین سالہ منصوبے میں سندھ اسمبلی کو کمپیوٹر آلات، تربیتی نشستیںاورضروری مدد مہیا کرکے تکنیکی مدد فراہم کرے گا ۔ملاقات میں یورپی یونین کی جانب سے IP5پروجیکٹ کے ٹیم لیڈر کرسٹوفرشیلڈ، کنسلٹنٹ اعزازسید کے علاوہ رکن سندھ اسمبلی پیرمجیب الحق،سیکرٹری اسمبلی عمرفاروق برڑواوردیگرموجود تھے۔ملاقات میں IP5منصوبہ سے وابستہ اراکین نے شرکاکو 3سالہ منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور شرکاکے سوالات کے جوابات بھی دیے۔شرکاکو بتایاگیا کہ IP5منصوبہ کے تحت اراکین سندھ اسمبلی،افسران و عملہ،SDG ٹاسک فورس،وومن پارلیمانی کاکس اورنوجوان اراکین اسمبلی فورم سے متعلق سندھ اسمبلی اور اراکین کوتکنیکی و تربیتی مددفراہم کرے گا ۔