حکومت میں رہتے ہوئے اپوزیشن لیڈروں جیسے بیانات سیاسی پوزیشن کمزور ہوتی ہے، چودھری پرویز الہی

366

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے کہاہے کہ حکومت میں رہتے ہوئے اپوزیشن لیڈروں جیسے بیانات سے سیاسی پوزیشن کمزور ہوتی ہے۔

چودھری پرویز الہی سے نجی انشورنس کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔ چودھری پرویز الہی نے کہا کہ عوام نے حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا جس میں ابھی پونے دو سال باقی ہیں۔ حکومت کو زچ کرنا ہمیشہ اپوزیشن کی حکمت عملی ہوتی ہے۔ اتحادیوں نے حکومت کو ہمیشہ بچایا۔ اپوزیشن جمہوریت پر یقین رکھتی ہے تو اس کو چاہئے کہ حکومت کے اس عوامی مینڈیٹ کا احترام کرے۔ حکومت کی بھلائی اسی میں ہے کہ اپوزیشن کے جال میں پھنسنے کی بجائے ٹھنڈے دل ودماغ سے فیصلے کرے۔

انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ بڑے فیصلے کرنے سے پہلے اپنے اتحادیوں سے بامقصد مشاورت کرنے کی روش اختیار کرے۔ ملکی ترقی کے لیے ایک دوسرے پر الزام ترشی چھوڑ کرمعیشت کی بحالی کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔ ترقی کی راہ میں کردار کشی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ بدتہذیبی نہیں بلکہ ادب و احترام کا کلچر فروغ دینا بہت ضروری ہے۔

ملکی معاشی خوشحالی کیلئے عوام کو ریلیف دینا اور عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنا ہوں گے۔ملاقات کے موقع پرسیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور سویرا میر بھی موجود تھے۔