بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 3.26فیصد اضافہ

317

لاہور (کامرس ڈیسک) ممتاز صنعتکار نصراللہ مغل نے کہا ہے کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری سے صنعتی ترقی کی شرح میں مثبت اضافہ ہورہا ہے اوربڑی صنعتوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ سے برآمدات میں اضافہ ہوگا جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں اضافہ کے نتیجے میں اقتصادی ترقی کی شرح نمو میں بھی اضافہ ہوگا، لارج ا سکیل مینوفیکچرنگ سے صنعتی شعبہ ترقی کررہا ہے اور کورونا وباء سے دبائو کا شکار معیشت استحکام پذیر ہورہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نصر اللہ مغل نے کہا کہ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے صنعتوں کی پیداوار کی ماہوار رپورٹ کے مطابق ٹیکسٹائل، خوراک، مشروبات، تمباکو، کوک اینڈ پٹرولیم مصنوعات، فارماسوٹیکل، کیمیکلز، آٹو موبائل، آئرن وا سٹیل، چمڑے کی مصنوعات، پیپر اینڈ بورڈکی پیداوار میں اضافہ جبکہ انجینئر نگ مصنوعات اور لکڑی سے بنی مصنوعات کی پیداوار پچھلے گزشتہ سال جتنی رہی،انہوںنے کہا کہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ اور برآمدات میں اضافہ سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی ،پاکستانی تجارت اور معیشت کو درپیش چیلنجز کے باوجود کاروباری ترقی ملک کی مقامی صنعت کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے حکومت صنعتی شعبہ میں اصلاحات لائے اور انہیں مراعات دے تو ملکی برآمدات میں اضافہ کرکے ملکی معیشت کو استحکام پذیر کرکے حکومت کو قرضوں سے نجات دلوادے گا۔