اسٹاک مارکیٹ میں 32ارب روپے سے زائد کا اضافہ

450

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کے اختتامی روز جمعہ کوکاروبار حصص میں تیزی کا رجحان رہا ،کے ایس ای100انڈیکس45ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں32ارب روپے سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈکیا گیا، کاروباری تیزی کی وجہ سے59.35فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا ،مقامی بروکریج ہائوسز اور مالیاتی اداروں کی ٹیلی کام ،توانائی ،پراپرٹیز سمیت سیگر منافع بخش اداروں میں سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 45148.92 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا مگر کاروبار کے اختتام پرانڈیکس45ہزار پوائنٹس کی سطح پر آگیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای100انڈیکس میں192.31پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 44825.97 پوائنٹس سے بڑھ کر 45018.28پوائنٹس پربند ہوا اسی طرح 81.79 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس17665.79پوائنٹس پر جاپہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 30750.03 پوائنٹس سے بڑھ کر 30878.62 پوائنٹس ہو گیا۔ کاروباری تیز ی کے نتیجے میں مارکیٹ کے سرمائے میں 32 ارب 19 کروڑ 81 لاکھ 29 ہزار 669 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 77 کھرب 29 کروڑ 15 لاکھ 68 ہزار 590 روپے سے بڑھ کر 77 کھرب 32 ارب 48 کروڑ 96 لاکھ 98 ہزار 259 روپے ہو گیا پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو7ارب روپے مالیت کے 17 کروڑ 61 لاکھ31ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ جمعرات کو7 ارب روپے مالیت کے 25 کروڑ 42 لاکھ 7 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو مجموعی طور پر342کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے203کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،118 میں کمی اور 21 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبار کے لحاظ سے ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 1 کروڑ 91 لاکھ ،جہانگیر صدیق کمپنی 1 کروڑ 37 لاکھ، ورلڈ کال ٹیلی کام 1 کروڑ 25 لاکھ ،سینر جیکو پاک71لاکھ اور غنی گلوبل 70 لاکھ حصص کے سودوںسے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھائو کے اعتبار سے نیلسے پاکستان کے حصص کی قیمت میں50.00روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد اسکے حصص کی قیمت بڑھ کر 5450.00 روپے ہو گئی اسی طرح 43.51 روپے کے اضافے سے محمود ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت بڑھ کر677.80روپے پر جا پہنچی جبکہ شیلڈ کارپوریشن کے حصص کی قیمت میں22.50روپے کی کمی واقع ہوئی۔